Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تپتے کراچی میں کالی گھٹائیں ’یہ منٹوں کا کھیل ہے‘

شہر قائد میں گذشتہ چند روز سے درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی میں شدید اضافہ ہوا مگر منگل کے روز اچانک ہی کالی گھٹا نے شہر کو گھیرے میں لے لیا اور تیز ہوائیں بھی چلنا شروع ہوئیں۔
اس صورت حال کے باعث گرمی کا زور تو ٹوٹتا نظر آرہا ہے لیکن کراچی شہر کے باسی مٹی کے طوفان کی تصاویر شیئر کررہے ہیں اور کئی اس حوالے سے پریشانی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے اس وقت سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’طوفان توکتے’ ٹرینڈز میں پہلے نمبر پر ہے۔
بیش تر سوشل میڈیا صارفین کراچی میں چلنے والی تیز ہواوں کی وجہ انڈیا کے شہر بمبئی میں آنے والے طوفان توکتے کو  قرار دے رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف زبیر اشرف نے ایک گھنٹے کے وقفے کی دو تصاویر شیئر کیں جن دونوں کا موازنہ کیا گیا تھا، انہوں نے لکھا کہ ’یہ صرف منٹوں کا کھیل ہے‘
ایک تصویر 4:30 بجے لے گئی جس میں آسمان بالکل صاف ہے جبکہ 4:50 بجے لے گئی دوسری تصویر میں کراچی کو مٹی کے طوفان نے گھیرا ہوا ہے۔

گرد آلود ہواؤں کے بعد ملیر، شاہ فیصل ٹاؤن، طارق بن زیاد سوسائٹی، ماڈل کالونی اور شاہ فیصل کالونی میں بجلی بند ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ’موسم اب بھی گرم  ہے اور درجہ حرارت 40.5 ڈگری ہے، گرمی کے باعث تھنڈر سیلز  بنے ہیں۔‘
ٹوئٹر صارف امر گڑوڑ نے لکھا کہ ’آخرکار تین دن کی تیز گرم ہواؤں کے بعد کراچی میں مٹی کے طوفان اور ہلکی بوندا باندی کے بعد ٹھنڈی سمندری ہوائیں واپس آ گئیں‘

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق ’سائیکلون سے متعلق الرٹ میں آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، دو تین گھنٹے میں کراچی سے بادل گزر جائیں گے۔‘
کراچی میں گرمی کی شدت میں کل سے کمی آ جائے گی، کراچی میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں۔
بارش کے بعد کراچی کا بیشترحصہ بجلی سےمحروم ہے۔ 925 سے زائد فیڈر بند ہو گئے ہیں۔
کراچی میں تیز ہوا اور ہلکی بارش کے بعد شہرکے بیش ترعلاقے بجلی سے محروم ہیں اور  925 سے زائد فیڈر بند ہو گئے ہیں، جبکہ شدید گرمی کے دوران لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری تھا۔

شیئر: