نشہ آور پودہ چباتے ہوئے ویڈیو شیئر کرنے پر شہری گرفتار
’اس کے قبضے سے نشہ آور پودہ نہیں ملا تاہم منشیات استعمال کرنے پر اسے حراست میں لیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
جازان پولیس نے نشہ آور پودہ ’قات‘ کا استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو شیئر کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جازان ریجن پولیس کے ترجمان میجر نایف الحکمی نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدہ شخص سعودی شہری ہے اور عمر کی تیسری دہائی میں ہے‘۔
’پولیس نے کارروائی سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیو پر کی ہے جس میں ایک شخص کو قات چباتے ہوئے دکھایا گیا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’متعلقہ ادارے نے مذکورہ شخص کی شناخت کرکے اسے گرفتار کیا ہے، اس کے قبضے سے نشہ آور پودہ نہیں ملا تاہم منشیات استعمال کرنے پر اسے حراست میں لیا گیا ہے‘۔
’گرفتار شدہ شخص سے تفتیش جاری ہے جبکہ ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے سے بعد اسے ادارہ انسداد منشیات کے حوالے کیا جائے گا‘۔