مکہ پولیس نے 15 لاکھ ریال لوٹنے والے یمنی گروہ کو گرفتار کر لیا
’گروہ کے قبضے سے پسٹل اور 14 لاکھ 75 ہزار ریال برآمد ہوئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ پولیس نے 15 لاکھ ریال لوٹنے والے یمنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان یمنی تارکین کی تعداد 3 ہے اور یہ عمر کی دوسری اور تیسری دہائی میں ہیں‘۔
’مذکورہ افراد نے اسلحہ کے زور پر رقم منتقل کرنے والی گاڑی کو لوٹا ہے جبکہ چوری کے وقت ہوائی فائرنگ بھی کی ہے‘۔
پولیس نے کہاہے کہ ’واقعہ مکہ میں ہوا جس میں دو افراد نے رقم منتقل کرنے والے اہلکاروں کو ڈرانے کے لیے فائرنگ کی اور رقم کے باکس لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیے جبکہ تیسرے شخص نے مفرور افراد کو ٹھکانہ اور مدد فراہم کی‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کردی اور ریکارڈ وقت میں مذکورہ افراد کو گرفتار کر لیا‘۔
’ان کے قبضے سے پسٹل ضبط ہوئی ہے جبکہ 14 لاکھ 75 ہزار ریال برآمد ہوئے جبکہ باقی رقم انہوں نے خرچ کر دی‘۔
’گرفتار شدگان سے تفتیش جاری ہے، ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا‘۔