ہالی وڈ کے 'ٹارزن' جو لارا جہاز کے حادثے میں اہلیہ سمیت ہلاک
جو لارا کی اہلیہ گووین بھی حادثے کا شکار ہونے والے جہاز میں ان کے ساتھ سفر کر رہی تھیں۔ فوٹو: ونی پیگسن ڈاٹ کام
ٹارزن کا کردار ادا کرنے والے مشہور امریکی اداکار جو لارا اور ان کی اہلیہ سمیت سات افراد جہاز گرنے کے حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جہاز امریکی شہر نیشویل کے قریب ایک جھیل میں گر کر تباہ ہوا۔
رتھرفورڈ کاؤنٹی کے فائر اینڈ ریسکیو نے فیس بک پر بتایا کہ اس چھوٹے جہاز نے سنیچر کو مقامی وقت صبح 11 بجے ٹینیسی ایئرپورٹ سے پام بیچ فلوریڈا کے لیے اڑان بھری تھی۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تصدیق کی ہے کہ جہاز میں سات افراد سوار تھے۔
سنیچر کی رات کو رتھرفورڈ کاونٹی فائر اینڈ ریسکیو کے کمانڈر کیپٹن جوشوا سینڈرز نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ 'ہم اب متاثرین کو ڈھونڈنے کی کوشش نہیں کر رہے۔ اب ہم جائے وقوعہ سے جو مل رہا ہے اسے نکال رہے ہیں۔'
اتوار کی صبح رتھرفورڈ کاونٹی فائر اینڈ ریسکیو نے فیس بک پر بتایا کہ انہیں جائے وقوعہ سے جہاز کے کچھ حصے اور کچھ انسانی اعضا ملے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ کارروائی رات تک چلے گی اور اگلی صبح دوبارہ شروع کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ہلاک ہونے والے جو لارا نے 1989 کی ٹیلی ویژن فلم 'ٹارزن ان مینہیٹن' میں ٹارزن کا مشہور کردار ادا کیا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے 'ٹارزن: دا ایپک ایڈونچرز' میں کردار ادا کیا تھا۔ یہ سیریز 1996 سے 1997 تک ٹی وی پر چلی تھی۔
ان کی اہلیہ، گووین شیمبلن لارا، جن سے انہوں نے 2018 میں شادی کی تھی، وزن کم کرنے کے لیے کام کرنے والے ایک مسیحی گروپ کی رہنما تھیں۔
'وے ڈاون منسٹریز' نامی اس گروپ کو انہوں نے 1986 میں شروع کیا تھا۔
ان کی پچھلی شادی سے ان کے دو بچے ہیں۔