پولیس کی مدد سے چوری ہونے والے 80 لاکھ ریال شہری کو واپس
’ٹھکانے کی تلاشی کے دوران اسلحہ اور منشیات بھی ضبط ہوئے ہیں‘ (فوٹو : سبق)
ریاض پولیس نے ایک شہری سے چوری ہونے والی 80 لاکھ ریال کی خطیر رقم واپس کرادی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ریاض ریجن پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ ’دو سعودی شہریوں نے اپنے ہم وطن کے گھر میں ڈاکہ ڈالا تھا‘۔
’چوروں نے گھر میں موجود خادمہ پر حملہ کر دیا، اسے زد و کوب کیا اور اس پر تشدد کرنے کے بعد گھر میں موجود خطیر رقم لے کر فرار ہوگئے‘۔
’ بعد ازاں پولیس کو اطلاع کی گئی جس نے آکر موقع واردات کا جائزہ لیا اور شواہد جمع کرنے کے بعد ملوث افراد کی شناخت کرلی‘۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ’تفتیشی اہلکاروں نے ریکارڈ وقت میں چوروں کو گرفتار کرلیا اور ان کے ٹھکانے سے پوری رقم برآمد کرلی‘۔
’ٹھکانے کی تلاشی کے دوران اسلحہ اور منشیات بھی ضبط ہوئے ہیں جنہیں واردات کے دوران استعمال کیا جاتا تھا‘۔
’گرفتار شدگان عمر کی چوتھی دہائی میں ہیں، ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے‘۔