Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ہوٹل کے ایک کمرے کا اوسط کرایہ 725 ریال

سیاحتی سرگرمیوں میں خواتین کارکنان کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 99 ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں گزشتہ برس 2024 کی دوسری سہ ماہی کے دوران ہوٹل میں ایک کمرے کا اوسط کرایہ تقریبا 725.5 ریال یعنی تقریبا 190 امریکی ڈالر تک پہنچ گیا جو 2023 کی اسی سہ ماہی کے  مقابلے میں 0.4 فیصد کم ہے۔
 2024 کی دوسری  سہ ماہی کے دوران ہوٹل اپارٹمنٹس یا دیگر ہاسپلٹی رومز کا یومیہ اوسط کرایہ تقریبا 254.3 سعودی ریال رہا جو 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 15.2 فیصد زیادہ ہے۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے مملکت میں سیاحتی اداروں کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔
سبق ویب کے مطابق 2024 کی دوسری سہ ماہی کے دوران ہوٹلز میں مہمانوں کے قیام کا اوسط دورانیہ تقریبا 5.2 راتوں تک پہنچ چکا جو 2023 کے اسی عرصے  کے مقابلے میں 17.6 فیصد زیادہ ہے جبکہ ہوٹل اپارٹمنٹس اور دیگر کمروں میں قیام کا اوسط دورانیہ تقریبا 2.1 رات ریکارڈ کیا گیا  جو 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 10.9 فیصد کم ہے۔
 رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2024 کی دوسری سہ ماہی  کے دوران سیاحتی سرگرمیوں میں کارکنان کی کل تعداد 9 لاکھ 59 ہزار 175 رہی۔
2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں یہ تعداد 5.1 فیصد زیادہ ہے۔ ان میں سعودی کارکنان کی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار 905 ہے جبکہ غیرملکی کارکنان کی تعداد 7 لاکھ 13 ہزار 270 ہے جو کل تعداد کا 74.4 فیصد ہے۔
 رپورٹ کے مطابق 2024 کی دوسری سہ ماہی میں سیاحتی سرگرمیوں میں مرد کارکنان کی تعداد 8 لاکھ 31 ہزار 76 جبکہ خواتین کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 99 ہے۔
 2024 کی دوسری سہ ماہی میں سیاحتی سرگرمیوں میں  کارکنان کی تعداد معیشت میں  مجموعی ملازمتوں کا 5.7 فیصد  تک پہنچ گئی جو 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 0.2 فیصد کم ہے۔
اسی طرح دوسری سہ ماہی میں ہوٹل کے کمروں میں رہائش کی شرح 55.4 فیصد تک پہنچ گئی جو 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 0.5 فیصد زیادہ ہے۔
 ہوٹل اپارٹمنٹس اور دیگر کمروں میں مہمانوں کی رہائش کی  شرح 2024 کی دوسری سہ ماہی کے دورن 52.4 فیصد تک پہنچ گئی جو 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 1.5 فیصد زیادہ ہے۔
 

 

شیئر: