سعودی عرب نے پاکستان کے صوبے سندھ میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم پر افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ٹرین حادثے میں ہلاکتوں پر پاکستان کی حکومت، اس کے عوام اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت، ہمدردی اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
مصر میں ٹرین حادثہ، مرنے والوں کی تعداد 16 ہوگئیNode ID: 558651
-
ایک اور تصادم، گھوٹکی ٹرین حادثہ کیسے ہوا؟Node ID: 571916
قبل ازیں او آئی سی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے بھی گھوٹکی ٹرین حادثے پر پاکستان سے افسوس کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے میں دو ٹرینوں ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے درمیان تصادم میں 41 افراد ہلاک جبکہ 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پیر کی صبح کراچی سے سرگودھا آنے والی ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر کر ڈاؤن ٹریک پر جا گریں جو راولپنڈی سے آنے والی سرسید ایکسپریس سے ٹکرا گئیں۔ حادثہ ریتی اور ڈھرکی کے درمیان ریلوے سٹیشن ریتی کے قریب پیش آیا۔