سب سے کم مریض الجوف ریجن میں سامنے آئے(فوٹو، ایس پی اے)
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 12 سو 86 کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد اب تک کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 528 تک پہنچ گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک ہی دن میں 16 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے جس کے بعد اب تک اس مہلک وائرس سے 7 ہزار 519 جان کی بازی ہار چکے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق جمعرات 10 جون کو سب سے زیادہ مریضوں کی تصدیق مکہ مکرمہ ریجن میں ہوئی جن کی تعداد 419 رہی۔
ریاض ریجن میں کورونا کیسز 263 رہے ، مشرقی ریجن میں 191 ، عسیر میں 98 ، جازان میں 87 ،مدینہ منورہ ریجن میں مصدقہ کیسز کی تعداد 76 رہی۔
قصیم ریجن میں 53 ، نجران میں 28 ، تبوک ریجن میں 25 ، الباحہ ریجن میں 19 افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
حائل ریجن میں مریضوں کی تعداد 17 رہی جبکہ شمالی حدود میں 7 اور سب سے کم مریض الجوف ریجن میں رہے جہاں 3 افراد میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا۔
وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں اس وقت 10 ہزار 217 افراد کورونا میں مبتلا ہیں جن میں سے 15 سو 53 کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
کورونا سے ایک ہی دن میں 982 افراد صحتیاب ہوئے جس کے بعد اب تک اس وائرس سے 4 لاکھ 44 ہزار 792 افراد شفایاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت نے کورونا سے بچاو کےلیے ویکسین کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت میں لگائی جانے والی ویکسین جن میں فائزر اور اسٹرازائیکا شامل ہیں کو سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے ہرطرح سے ٹیسٹ کرنے کے بعد اس کی منظوری دی ہے۔ ویکسین سے کورونا وائرس کے خطرے سے بچا جاسکتا ہے۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے سماجی فاصلے کے اصول پرعمل اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔ احتیاطی تدابیر سے کورونا سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔