شاہ سلمان سینٹر کی مختلف ممالک میں امدادی کارروائیاں
شاہ سلمان سینٹر کی مختلف ممالک میں امدادی کارروائیاں
جمعرات 10 جون 2021 22:39
نائجیریا میں ضعف بصارت کے شکار افراد کے آپریشن کیے گئے(فوٹو، واس)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمنی صوبے حضر موت کے نادار شہریوں میں راشن پیکٹ تقسیم کیے-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق راشن پیکٹ تقسیم کرتے وقت ان خاندانوں کا خصوصی خیال رکھا گیا جو زیادہ ضرورت مند تھے جبکہ آس پاس کے علاقوں سے نقل مکانی کرکے آنے والوں کی ضروریات بھی خاص طور پر پوری کی گئیں-
حضر موت کے برومیفع اور غیل باوزیر اضلاع میں 13 ٹن 375 کلو گرام راشن تقسیم کیا گیا- اس کا فائدہ 875 ضرورت مندوں کو ہوا-
سعودی عرب انسانی بحران کے مدنظر یمنی عوام کے مسائل کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے ملک کے تمام علاقوں میں انسانی بنیادوں پر ضرورت کا سامان تقسیم کرا رہا ہے-
شاہ سلمان مرکز کے ماتحت رضاکار ڈاکٹروں اور نرسوں نے نائجیریا میں آنکھوں کے 152 آپریشن کیے جبکہ 1006 مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا- 376 چشمے فراہم کیے اور 842 مریضوں کو دوائیں فراہم کیں-
شاہ سلمان مرکز کے ماتحت سعودی رضاکار نائجیریا کے دو شہروں بوچی اور کانو میں ضعف بصارت کے شکار افراد کے طبی معائنے، آپریشن اور علاج فراہم کرنے کی مہم چلائے ہوئے ہیں-
ادھر شاہ سلمان مرکز اردن میں الزعتری کیمپ میں شامی پناہ گزینوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے- 9 جون کو 385 مریض کلینک آئے جہاں جنرل فزیشنز نے 158 مریضوں، بچوں کے امراض کے ماہرین نے 67، ایمرجنسی وارڈ کے عملے نے 41، دانتوں کے مسائل سے دوچار 22 مریضوں اور لیڈیز کلینک میں 39 مریض خواتین کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں دوائیں فراہم کی گئیں-
48 مریضوں کے ٹیسٹ لیے گئے- 67 کے ایکسرے کیے گئے جبکہ 13 افراد کو ویکسین فراہم کی گئی-
شاہ سلمان مرکز نے سنگاپور میں 27 ٹن سے زیادہ کھجوریں مقامی شہریوں کو فراہم کیں- نائب سفیر سعد ابو حیمد نے سنگاپور اسلامک کونسل کو کھجوروں کا تحفہ پیش کیا-
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے بنگلہ دیش میں سمندری طوفان سے متاثرین میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی سامان کی تقسیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے-