سعودی عرب میں ایوان شاہی کے مشیر شیخ ناصربن عبدالعزیز الشثری جمعرات کی شب مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
ویب نیوز ’عاجل‘ کے مطابق شیخ الشثری کی نماز جنازہ آج بروز جمعہ عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی۔
شیخ ناصر الشثری ’ بادشاہوں کے مشیر‘ کے لقب سے جانے جاتے تھے۔ وہ شاہ خالد بن عبدالعزیز آل سعود کے دورسے ایوان شاہی میں مشیر کے طورپرمقرر ہوئے بعدازاں شاہ فہد بن عبدالعزیز اور شاہ عبداللہ بن عبدالعریز اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشیر کے طورپرخدمات انجام دیں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے شیخ الشتری کی ایام علالت میں عیادت بھی کی تھی۔
اہل خانہ کی اطلاع کے مطابق شیخ الشثری کوآج بروز جمعہ بعد نماز عصر ریاض کے ’العود‘ قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔