مدارس کا بل منظور نہ ہوا تو عدالت جائیں گے، مولانا فضل الرحمان
جمعرات 12 دسمبر 2024 9:53
یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
اہم نکات:
-
مدارس کا ایکٹ منظور نہ ہوا تو عدالت جائیں گے: مولانا فضل الرحمان
-
بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان اختیارات پر چپقلش ہے: گورنر خیبر پختونخوا
-
سویلین ملٹری ٹرائل کیس: ایک عام شہری پر آرمی ایکٹ لاگو کرنا آئین کی خلاف ورزی نہیں ہوگی؟
-
توشہ خانہ ٹو کیس، عمران خان اور اہلیہ پر اڈیالہ جیل میں فرد جرم عائد
-
دس ماہ میں دہشت گردی کے واقعات میں 924 ہلاکتیں، 21 سو زائد زخمی
-
سپریم کورٹ کا عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم
-
سیلاب کے باعث تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ 16 ارب ڈالر سے تجاوز
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ بل پاس ہوچکا ہے اور اسے فوری طور پر منظور ہونا چاہیے۔ ہمیں عدالت بھی جانا پڑے گا تو جائیں گے۔
جمعرات کو ڈی آئی خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’بلاوجہ مسائل پیدا کیے جا رہے ہیں کہ مدارس تعلیمی ادارے ہیں اور انہیں وزارت تعلیم کے تحت ہوںا چاہیے۔ مدارس آزاد رہنا چاہتے ہیں۔ جب بھی حکومت نے مداخلت کی تو وہ مدارس نہیں رہے، وہ سکول اور کالج بن گئے۔ حکومت نے تعلیمی علوم ختم کر دیے، ہم کیسے اعتبار کریں۔ُ
’ان کا کہنا تھا کہ ’26ویں ترمیم میں یہ شامل تھا اور اب اس کی مخالفت کر رہے ہیں، جو ادارے ہمیں اپنی ان پُٹ دے رہے تھے وہ کیا جواب دیں گے۔‘
توشہ خانہ ٹو کیس، عمران خان اور اہلیہ پر اڈیالہ جیل میں فرد جرم عائد
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ ٹو کیس میں فرمِ جرم عائد ہو گئی ہے۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت میں سپیشل کورٹ سنڑل ون اسلام آباد نے فرم جرم عائد کی۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو عدالت پیش کیا گیا
اس کیس کی ابتدائی تحقیقات نیب نے کی تھی اور نیب ترامیم کی روشنی میں یہ کیس ایف ائی اے کو منتقل کر دیا تھا۔
سویلین ملٹری ٹرائل کیس: ایک عام شہری پر آرمی ایکٹ لاگو کرنا آئین کی خلاف ورزی نہیں ہوگی؟
بشیر چوہدری، اردو نیوز اسلام آباد
سپریم کورٹ میں ملٹری کورٹس کے ذریعے سویلینز کے ٹرائل کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف حکومتی اپیلوں کی سماعت ہوئی، جس دوران عدالت نے اہم آئینی نکات پر سوالات اٹھائے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا پانچ رکنی بینچ نے آرمی ایکٹ کی دفعات کو آئین کے آرٹیکل 8 (جو بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے) سے متصادم قرار دیا؟ اگر ایسا ہے تو اس کے جواز کی وضاحت کیا ہے؟
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ پورا کیس آئین کے آرٹیکل 8 کے گرد گھومتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو شخص مسلح افواج کا حصہ نہیں، اس پر فوجی قوانین کا اطلاق کیسے ہو سکتا ہے؟
جسٹس مندوخیل نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص کسی سرکاری محکمے کا حصہ نہیں تو اس پر اس محکمے کے قوانین لاگو نہیں ہو سکتے۔ اسی طرح، ایک عام شہری پر آرمی ایکٹ لاگو کرنا آئین کی خلاف ورزی نہیں ہوگی؟
خیبر پختونخوا میں دو وزیر اعلی کام کر رہے ہیں: گورنر خیبر پختونخوا
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے میں بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور دو وزیر اعلی کام کر رہے ہیں۔
جمعرات کو اُنہوں نے اُردو نیوز کے نامہ نگار صالح سفیر عباسی سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان خیبر پختونخوا کے اختیارات پر چپقلش چل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال اب کچھ بہتر ہے، تاہم اس میں صوبائی حکومت کا کردار نہیں ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متاثرین میں جو ٹینٹ تقسیم کیے ہیں وہ بھی انتہائی ناقص معیار کے ہیں۔
گونر خیبرپختونخوا نے وفاق میں حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان بات چیت جاری ہے، تمام تحفظات مذاکرات کے ذریعے دود کیے جا سکتے ہیں۔
دس ماہ میں دہشت گردی کے واقعات میں 924 ہلاکتیں، 21 سو زائد زخمی
بشیر چوہدری۔ اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان میں رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران دہشت گردی کے 15 سو 66 واقعات میں 924 افراد جان سے گئے، جن میں 573 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ ان واقعات میں دو ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے، جبکہ انسداد دہشت گردی کے لیے 12 ہزار 800 انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 341 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
یہ اعداد و شمار جمعرات کو قومی اسمبلی میں وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری جواب میں سامنے آئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق دہشت گردی کے ان حملوں میں عام شہریوں کو بھی شدید نقصان اٹھانا پڑا، جن میں 351 افراد جان سے گئے اور 768 زخمی ہوئے۔ تاہم سب سے زیادہ نقصان سکیورٹی فورسز کو پہنچا جو ان واقعات کے دوران پہلی صف میں موجود رہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق 948 واقعات خیبرپختونخوا، 582 بلوچستان، 24 سندھ، 10 پنجاب اور 2 اسلام آباد میں رونما ہوئے۔
سپریم کورٹ نے عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ جس کی سربراہی جسٹس منصور علی شاہ کر رہے تھے، نے عادل بازئی کی اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ کارروائی کے دوران جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن نے عادل بازئی کے کیس میں حقائق کی جانچ کے لیے کوئی انکوائری کی؟
جسٹس عقیل عباسی نے کہا ’یہ مناسب نہیں کہ کسی بڑے صاحب کا خط آتے ہی نمائندے کو ڈی سیٹ کر دیا جائے۔‘
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ کسی حلقے کے عوام کو ان کے منتخب نمائندے سے محروم کرنے کے لیے ٹھوس بنیاد ہونی چاہیے۔
عادل بازئی کے وکیل، سردار تیمور نے دلائل میں کہا کہ معاملہ ایک دن الیکشن کمیشن پہنچا اور اگلے ہی دن کارروائی شروع ہو گئی۔ ’ہم نے کہا کہ ن لیگ سے وابستگی کے حوالے سے جو بیانِ حلفی پیش کیا جا رہا ہے، وہ ہمیں فراہم کیا جائے۔‘
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ’قومی اسمبلی میں حلف برداری کی تصویر موجود ہے، لیکن یہ واضح نہیں ہو رہا کہ دستخط کس چیز پر کیے جا رہے ہیں۔‘
سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف دائر درخواستیں خارج کر دیں
بشیر چوہدری، اردو نیوز اسلام آباد
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر کی جانب سے دائر تمام درخواستیں خارج کر دی ہیں۔
آئینی بینچ نے درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس اب ختم ہو چکا ہے۔ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ آرڈیننس کی مدت پوری ہونے کے بعد یہ غیر مؤثر ہو گیا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے وضاحت کی کہ آرڈیننس کے بعد پارلیمنٹ نے اس موضوع پر باقاعدہ قانون سازی کر دی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آرڈیننس کے تحت بننے والی کمیٹی کے اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے، جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جب قانون نافذ ہو جاتا ہے تو آرڈیننس خودبخود غیر مؤثر ہو جاتا ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے مزید کہا کہ آرڈیننس کے تحت قائم کمیٹی تحلیل ہو چکی ہے اور کمیٹی کے فیصلوں کو "پاس اینڈ کلوز ٹرانزیکشنز" کا تحفظ حاصل ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے وضاحت کی کہ آئین صدر پاکستان کو آرڈیننس جاری کرنے کا اختیار دیتا ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، افراسیاب خٹک، احتشام الحق اور اکمل باری نے اس آرڈیننس کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں۔
’سیلاب سے پاکستان میں 33 ملین افراد متاثر، تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا‘
پاکستان کے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا ہے کہ ’ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو محسوس کرنے والی پہلی نسل ہیں، اور بلاشبہ آخری نسل بھی ہیں جو اس کے بارے میں کچھ کر سکتی ہے۔‘
عالمی عدالت انصاف میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ریاستوں کی ذمہ داریوں کے بارے میں سماعت ہوئی، جس میں پاکستان کی نمائندگی اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان نے کی۔
انہوں نے عالمی عدالت کو بتایا کہ ’2022 کے سیلاب کے باعث ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوبنے سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے۔ سیلاب کے باعث تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے پاکستان دیگر ممالک کے مقابلے میں 15 گنا زیادہ نقصان کا سامنا کر رہا ہے۔
ضلع کرم میں آج سے سستے آٹے کی تقسیم
ضلع کرم میں اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ کم ہونے پر خیبر پختونخوا کی حکومت نے سستے آٹے کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو محکمہ خوراک ڈائریکٹریٹ نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کرم کو خط لکھا ہے جس میں کرم کی فلور ملوں کو گندم جاری کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سبسڈائز 20 کلوگرام آٹا کا تھیلا 1700 روپے جبکہ 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 850 روپے پر دیا جائے گا۔
گندم کے اجرا اور آٹے کی تقسیم کا طریقہ کار ڈپٹی کمشنر کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا۔
وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ ’آج سے کرم میں سبسڈائز آٹے کی تقسیم شروع ہو گی، کرم میں غذائی بحران ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔‘
لاہور: موٹرسائیکل سوار کی 86 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، ایک لاکھ 54 ہزار جرمانہ
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر ایک موٹرسائیکل سوار کو ایک لاکھ 54 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے مسلسل 73 بار ہیلمٹ کی خلاف ورزی کی۔ ’9 مرتبہ ٹریفک سگنل، 3 مرتبہ ون وے اور 01 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کی۔‘
ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سوار کو 86 مرتبہ خلاف ورزی پر ایک لاکھ 54 ہزار جرمانہ کیا گیا۔
کسی بھی موٹرسائیکل سوار کو ہونے والا یہ سب سے بڑا جرمانہ ہے۔ موٹرسائیکل کو تھانے میں بند کروا دیا گیا، چالان جمع کروانے کے بعد موٹرسائیکل حوالے کی جائے گی۔‘