’ وصول پروگرام ‘سے فائدہ اٹھانے والی ملازمت پیشہ سعودی خواتین کی تعداد 20 ہزار
مالی مدد فراہم کرنے والے پروگرام میں توسیع کر دی گئی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں خواتین کو کام کی جگہ پر آنے جانے کے لیے مالی مدد فراہم کرنے والے پروگرام میں توسیع کر دی گئی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ہیومن ریسورسز ڈویلپمنٹ فنڈ (ہدف) کے وصول پروگرام سے فائدہ اٹھانے والی سعودی خواتین ملازمین کی تعداد 20 ہزار ہے۔
ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ فنڈ( ھدف )نے ملازمت پیشہ سعودی خواتین کے لیے ’وصول‘ پروگرام کے ذریعے دی جانے والی مالی مدد 800 ریال سے 1100 ریال تک بڑھا دی ہے۔
وصول پروگرام کے تحت خواتین کام کی جگہ پر آنے جانے کے لیے ہر سفر پر 80 فیصد رعایت حاصل کر سکتی ہیں۔
اس رعایتی سکیم کے تحت 6 ہزار ریال یا اس سے کم تنخواہ پانے والی خواتین کو ماہانہ 1100 ریال کی امداد حاصل ہو سکے گی جبکہ 6 ہزار ریال سے 8 ہزار ریال تک تنخواہ پانے والی خواتین کو ماہانہ 800 ریال کی مدد حاصل ہو سکے گی۔
اس اقدام کا مقصد نجی شعبے میں لائسنس یافتہ سمارٹ ایپس کے ذریعے ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ شراکت میں اعلی معیار کی خدمات کو برقرار رکھنے کےعلاوہ سعودی خواتین کارکنوں کے لیے نقل و حمل کے اخراجات کو کم کرنا ہے۔
’ وصول پروگرام‘ میں اس خدمت کے لیے مملکت کے 13علاقوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ’وصول ٹرانسپورٹ پروگرام‘ کا مقصد لیبر مارکیٹ میں خواتین کی شرکت میں اضافہ اور ملازمت میں استحکام پیدا کرنا ہے۔
18 سے 65 سال عمر کی ایسی سعودی خواتین جن کے پاس اپنی گاڑی نہیں یا جو گاڑی چلانا نہیں جانتیں یا جن کے پاس گاڑی چلانے کا لائسنس نہیں ہے انہیں ملازمت کےمقام پر پہنچنے اور واپسی کے لیے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
’وصول پروگرام‘ ان خواتین کے لیے یومیہ سفر کو آسان بنانے میں مدد کرتا ہے۔ 60 ہزار سے زیادہ سعودی خواتین ملازمین نے نقل و حمل کے اس خاص پروگرام سے فائدہ اٹھایا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد ایسے حل تلاش کرنا ہے جو نجی شعبے میں سعودی خواتین کارکنوں کے لیے نقل و حمل کے اخراجات کے بوجھ کو کم کرکے انسانی وسائل کے ترقیاتی فنڈ سے اعلی معیار کے لیے سبسڈی فراہم کریں۔