Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ اوورسیز پاکستانی ووٹ کیوں نہیں دے سکتے‘

احسن اقبال کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے مسائل کا علم نہیں۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دینے سے متعلق بیان پر حکومتی اراکین کی جانب سے تبصروں کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔
یاد رہے کہ سنیچر کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے کہا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے حالات کا علم نہیں لہٰذا وہ پاکستان میں ووٹ کاسٹ نہیں کر سکتے۔ 
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کی مخالف نہیں ہے، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ایک شخص جو پیرس میں رہ رہا ہے، جو سان فرانسسکو میں رہ رہا ہے، جو لندن میں رہ رہا ہے اس کو ناروال، جیکب آباد اور لالہ موسیٰ کے حلقے کے مسائل کا کیا پتا ہے۔‘
احسن اقبال کی جانب سے دیے جانے والے اس بیان کے جواب میں حکومتی اراکین اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شہباز گل کا ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا ہے۔ اس پیغام کے ساتھ لکھا ہے کہ ’احسن اقبال نے حالیہ پریس کانفرنس میں دعوے کر کے لندن میں بیٹھے اپنے مفرور رہنما نواز شریف کی سیاست کو بھی تباہ کر دیا۔‘
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے حوالے سے تبصروں کا سلسلہ آگے بڑھا تو وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے لاہور میں ہونے والی کانفرنس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب اگلے الیکشن میں ہار بھی اوورسیز پاکستانیوں کی غلطی ہے؟ سوچا تھا ارسطو اتنے نا سمجھ نہیں ہو سکتے، ویسے میاں صاحب سے پوچھا ہے کہ لندن کی آب و ہوا کیسی ہے؟‘
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر ٹوئٹر صارف اسد الرحمٰن لکھتے ہیں کہ ’ اگر یہ ن لیگ لندن میں بیٹھ کر الیکشن لڑ سکتی ہے، پارٹی چلا سکتی ہے، تو عوام  باہر بیٹھ کر ووٹ کیوں نہیں دے سکتے؟ یہ ن والے اپنی آن لاٸن میٹنگ کرسکتے ہیں، عوام آن لائن ووٹ کیوں نہیں ڈال سکتی؟‘

سوشل میڈیا پر کچھ صارفین بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر متفق نہیں نظر آئے۔
صارف سید شفیق الرحمٰان کا کہنا ہے کہ ’ میرے نظر میں اورسیز کو ووٹ کا حق نہیں ملنا چاہیے۔‘

ووٹنگ کے نظام کو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹوئٹر ہینڈل ماہین لکھتی ہیں کہ ’اوورسیز ووٹر کا ایک الگ سسٹم بنایا جائے، اگر ہر بندہ اپنے اپنے ایڈریس پر ووٹ دے گا تو ایسے ووٹ تقسیم ہو جائیں گے جس سے پی ٹی آئی کو نقصان ہے، اوورسیز کا حلقہ الگ ہو۔‘

یاد رہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل جمعرات کو قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا۔

شیئر: