Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعلیٰ بلوچستان کے 14 سالہ بیٹے کے لیے ’شاہانہ پروٹوکول‘ پر تنقید

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے بیٹے کے پروٹوکول کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے صاحبزادے جام محمد عالیانی کے شاہانہ پروٹوکول کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی ہے۔ صارفین نے کوئی سرکاری عہدہ نہ ہونے کے باوجود عوامی وسائل کے استعمال پر تنقید کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعلیٰ کے بیٹے کے ہمراہ  نہ صرف ذاتی محافظ، اپنی جماعت کے کارکنوں اور حامیوں کی درجنوں گاڑیوں کے علاوہ پولیس، اے ٹی ایف اور لیویز کی کئی گاڑیاں بھی ہیں۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ قافلے میں جیمر گاڑی کے علاوہ بُلٹ پروف گاڑی بھی شامل تھی جس میں وزیراعلیٰ کے صاحبزادے سوار تھے۔
سوشل میڈیا پرصارفین نے ویڈیو شیئرکرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ لسبیلہ رائٹس ٹویٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’یہ کسی وزیراعظم یا کسی وزیراعلیٰ کا پروٹوکول نہیں، یہ غریب صوبے بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے بیٹے جام محمد کا پروٹوکول ہے ۔‘
جمیل احمد اچکزئی نے تبصرہ کیا کہ ’کسی عہدے پر نہ ہونے کے باوجود بھی اتنا بڑا پروٹوکول‘
مقامی پولیس نے ویڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ جام کمال کے 13، 14 سالہ صاحبزادے جام محمد عالیانی کے پروٹوکول میں ایڈیشنل ایس پی لسبیلہ، دو پولیس تھانہ کے ایس ایچ اوز، پولیس، اے ٹی ایف اور لیویز کی آٹھ سے زیادہ سرکاری گاڑیاں موجود تھیں۔
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کے سکواڈ کی گاڑی بھی انہیں فراہم کی گئی تھی۔

ایک پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ’وزیراعلیٰ کے نوجوان صاحبزادے گذشتہ دو دنوں سے اپنے آبائی ضلع لسبیلہ کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)

ایڈیشنل ایس پی لسبیلہ کیپٹن ریٹائرڈ صدام خاصخیلی نے تصدیق کی کہ وہ وزیراعلیٰ کے صاحبزادے کے ہمراہ دریجی گئے تھے۔
ان کے مطابق ’جب بھی کوئی مہمان آتا ہے تو انہیں سکیورٹی دی جاتی ہے، بعض اوقات غیرملکی وفود یا سیاح آتے ہیں تو ہم انہیں بھی سیکورٹی دیتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعلیٰ کے بیٹے کی سکیورٹی کے لیے اے ٹی ایف کی ایک گاڑی تھی۔ باقی گاڑیاں میری، میرے گارڈز، ایس ایچ او اور دیگر سرکاری افسران کی تھیں۔‘
لسبیلہ پولیس کے ایک اور آفسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’وزیراعلیٰ کے نوجوان صاحبزادے گذشتہ دو دنوں سے اپنے آبائی ضلع لسبیلہ کے دورے پر آئے ہوئے ہیں جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں جا کر لوگوں سے ان کے رشتہ داروں کی وفات پر تعزیت کی۔‘
وائرل ویڈیو دریجی کے علاقے کی ہے، جہاں وزیراعلیٰ کے بیٹے جام محمد عالیانی اپنے دوست رکن قومی اسمبلی عامر مگسی کے صاحبزادے زرین مگسی کے ہمراہ قبائلی رہنما جمیل باریجہ سے ان کے چچا کی وفات پر تعزیت کرنے گئے تھے۔

وزیراعلیٰ کے بیٹے کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں دو نجی سکیورٹی گارڈز ہلاک ہوئے (فوٹو: ٹوئٹر )

پولیس کے مطابق واپسی پر وزیراعلیٰ کے بیٹے کے قافلے میں شامل گاڑی کو حادثہ بھی پیش آیا جس میں نجی سیکورٹی گارڈز سوار تھے۔ حادثے میں زرین خان مگسی کے دو نجی سیکورٹی گارڈز ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔
پولیس افسر کے مطابق دریجی جام کمال کے سیاسی مخالف بھوتانی برداران (رکن قومی اسمبلی سردار اسلم بھوتانی اور رکن بلوچستان اسمبلی سردار صالح بھوتانی ) کا علاقہ ہے، جہاں جام کمال کے صاحبزادے شاید پہلی بار گئے۔ سیاسی مخالف کا علاقہ ہونے کی وجہ سے انہیں اضافی سکیورٹی دی گئی۔
اس معاملے پر بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے درخواست کے باوجود کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

شیئر: