Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شطرنج کے عالمی چیمپیئن کو دھوکے سے شکست دی، انڈین ارب پتی کا اعتراف

وشواناتھ آنند شطرنج میں پانچ مرتبہ ورلڈ چیمپیئن رہ چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا کے نوجوان ارب پتی نکھل کماتھ نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے شطرنج کے میدان میں پانچ مرتبہ عالمی چیمپیئن رہنے والے وشواناتھ آنند کو دھوکے سے ہرایا تھا۔
یاد رہے کہ اتوار کو آن لائن چیریٹی ایونٹ کے دوران ہونے والے شطرنج کے میچ میں ارب پتی نکھل کماتھ نے عالمی شطرنج چیمپیئن وشواناتھ آنند کو شکست دی تھی جس نے سب کو حیران کر کے رکھ دیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میچ جیتنے کے اگلے دن نکھل کماتھ نے تسلیم کیا کہ انہوں کمپیوٹر اور متعلقہ افراد کی مدد سے گیم جیتی تھی۔
نکھل کماتھ نے ٹویٹ کیا کہ ’متعدد لوگوں کا یہ سوچنا انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ میں نے شطرنج کی گیم میں سر وشواناتھ کو واقعی شکست دی ہے، یہ اسی طرح ہے جیسے میں ایک دن (نیند سے) اٹھوں اور یوسین بولٹ سے ایک سو میٹر طویل ریس جیت لوں۔‘
انہوں نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی یہ حرکت اس قدر تذبذب کا باعث بن سکتی ہے۔
وشواناتھ آنند کا شمار انڈیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ وہ دیگر کھلاڑیوں سمیت کرکٹر یزویندر چہل اور بالی وڈ کے اداکار عامر خان کو شکست دے چکے ہیں۔
دوسری جانب 51 سالہ عالمی چیمپیئن نے اس تمام معاملے کو زیادہ توجہ دینے سے گریز کیا ہے۔
وشواناتھ آنند نے نکھل کماتھ کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے (شطرنج) کے بورڈ پر اپنی پوزیشن کھیلی اور دیگر سے بھی یہی توقع کی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ گیم کے اصولوں پر عمل کرنے کے حوالے سے یہ دلچسپ تجربہ تھا۔
جبکہ انڈیا کی شطرنج فیڈریشن کے خیال میں کھیل کی ساکھ کو مجروح کیا گیا ہے۔
فیڈریشن کے سیکرٹری بھارت چوہان نے کہا کہ کسی (کھلاڑی) سے بھی یہ توقع نہیں کی جاتی کہ وہ کمپیوٹر کی مدد حاصل کریں، قومی اور ریاستوں کی سطح پر کھیل کے اصولوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارب پتی کماتھ چیریٹی کے لیے گیم کھیل رہے تھے، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
خیال رہے کہ وشواناتھ انند نے عالمی سطح پر پہلا ٹائٹل 30 سال کی عمر میں جیتا تھا۔

شیئر: