دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز
جمعہ 18 جون 2021 6:44
انڈیا میں کورونا سے ہلاک افراد کی آخری رسومات میں مشکلات دیکھی گئیں (فوٹو: روئٹرز)
جمعرات کو دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق ’کورونا وائرس سے 20 لاکھ افراد کی ہلاکتوں میں ایک سال کا عرصہ لگا جبکہ دیگر 20 لاکھ افراد صرف 166 دنوں میں ہلاک ہوئے۔
امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کی تعداد کم ہوگئی ہے لیکن اب بھی متعدد ممالک کو کورونا ویکسین کی کمی کا سامنا ہے۔
دنیا بھر میں جن ممالک میں زیادہ اموات ہوئیں، ان میں امریکہ، برازیل، روس اور میکسیکو شامل ہیں۔ دنیا بھر کی 50 فیصد اموات ان ممالک ہوئیں۔
مارچ سے لاطینی امریکہ کے ممالک کو بدترین وبا کا سامنا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ’دنیا بھر میں کورونا کے ہر سو کیسز میں سے 43 لاطینی امریکہ میں رپورٹ ہوتے ہیں۔‘
بولیویا، چلی اور یوراگوئے کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے 25 سے 40 برس کی عمر کے مریض دیکھے جار رہے ہیں۔
اموات کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے آخری رسومات میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
انڈیا اور برازیل میں سات دن کے اوسط سے ہر روز سب سے زیادہ اموات رپورٹ ہو رہی ہیں اور اب بھی ان ممالک کو آخری رسومات اور تدفین کی جگہ کی کمی کی وجہ سے مشکل کا سامنا ہے۔
بہت سے طبی ماہرین کا خیال ہے کہ ’سرکاری سطح پر کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد اصل سے کم رپورٹ ہوئی ہے۔‘
گذشتہ ہفتے انڈین ریاست بہار نے رپورٹ نہ ہونے والے کیسز کے سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھا دی تھی۔
کورونا ویکسین کی کمی وجہ سے غریب ممالک اپنے شہریوں کی ویکسینیشن کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ امیر ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وبا پر قابو پانے کے لیے زیادہ ویکسین عطیہ کریں۔