آسٹریلیا میں مشترکہ زرعی فارم سے گندم کی پہلی کھیپ سعودی عرب پہنچ گئی
آسٹریلیا میں مشترکہ زرعی فارم سے گندم کی پہلی کھیپ سعودی عرب پہنچ گئی
بدھ 23 جون 2021 19:39
60 ہزار ٹن گندم کی پہلی کھیپ پہنچی ہے( اخبار 24)
آسٹریلیا میں مشترکہ زرعی فارم سے پیدا ہونے والی گندم کی پہلی کھیپ سعودی عرب پہنچ گئی۔
آسٹریلیا سے سعودی گندم لانے والا پہلا جہاز دمام کنگ عبدالعزیز بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا۔ غلہ جات کے قومی ادارے نے گندم وصول کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق غلہ جات کے قومی ادارے نے بیان میں کہا ہے کہ 60 ہزار ٹن گندم پہنچ گئی ہے۔ بیرون ملک سعودی زرعی کمپنی ’سالک‘ نے بیرون ملک سرمایہ کاری کرکے تین لاکھ 55 ہزار ٹن گندم کا معاہدہ کیا تھا۔
قومی ادارے کا کہنا ہے کہ سالک سال رواں کے دوران 3 لاکھ 55 ہزار ٹن گندم درآمد کرے گی۔ یہ گندم چھ جہازوں کے ذریعے پہنچے گی۔ تین جہاز دمام کی کنگ عبدالعزیز بندرگاہ، دو جہاز جدہ اسلامی بندرگاہ اور ایک جہاز جازان بندرگاہ پر پہنچے گی۔
یاد رہے کہ سالک نے گزشتہ سال یوکرین میں سرمایہ کاری کرکے جدہ اسلامی بندرگاہ کے راستے گندم درآمد کی تھی۔
غلہ جات کے قومی ادارے کی پالیسی ہے کہ وہ دس فیصد غلہ بیرون ملک سعودی سرمایہ کاروں کے زرعی فارموں سے خریدے گا۔