Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کشمیریوں کے سفیر بنتے بنتے کلبھوشن کے وکیل بن گئے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پارلیمان کی اجازت کے بغیر کلبھوشن یادو کے لیے این آر او بنایا جاتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیر کا سفیر بنے گا اور کشمیر کی لڑائی لڑے گا، وہ کشمیر کا سفیر بنتے بنتے کلبھوشن یادو کا وکیل بن چکا ہے۔‘
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر راؤلا کوٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کو اپنی جماعت کے کارکنوں سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’وہ آج کل کلبھوشن یادو کو این آر او دلوانے کی کوشش میں ہیں۔‘
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے متعدد بار این آر او نہ دینے کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’خان صاحب نے بار بار کہا تھا کہ میں این آر او نہیں دو گا میں این آر او کسی کو نہیں دوں گا، وہ صرف کلبھوشن یادو کو این آر او دینا چاہتے ہیں۔‘
’رات کے اندھیرے میں آپ کی اجازت کے بغیر، پارلیمان کو بتائے بغیر کلبھوشن یادو کے لیے ایک این آر او بنایا جاتا ہے، ایک آرڈیننس نکلتا ہے، اور اسے کیوں رات کے اندھیرے میں نکالا کیونکہ آپ پاکستان کے عوام سے چھپانا چاہتے تھے۔‘

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ  اگر عمران خان کلبھوشن یادو کو این آر او دلوانا چاہتے ہیں تو وہ اکیلے ہی این آر او دلوا دیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ’جب کلبھوشن یادو نے این آر او کا فائدہ نہیں لیا تو پھر آپ مجبور ہو گئے۔ اب پارلیمان کے سامنے آ چکے ہوں۔ آپ چاہتے ہوں کہ پارلیمان بھی آپ کے اس جرم میں ملوث ہوں۔ آپ چاہتے ہوں کہ باقی جماعتیں بھی آپ کے ساتھ اس جرم میں ملوث ہوں۔‘
’میں آپ کو صاف بتا رہا ہوں کہ اگر عمران خان کلبھوشن یادو کو این آر او دلوانا چاہتے ہیں تو وہ اکیلے ہی این آر او دلوا دیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اس جرم میں آپ کا ساتھ نہیں دے سکتی۔‘
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’گلگت بلتستان میں بلاول اور مریم الیکشن مہم میں چلا چلا کر پاگل ہو گئے اور بعد میں ان پر انکشاف ہوا ان کی جماعتوں کے ٹکٹ پر ایک تہائی امیدوار بھی انتخاب نہیں لڑ رہے تھے۔‘
’کشمیرمیں پیپلز پارٹی کے آٹھ امیدوار الیکشن کی ریس میں ہیں، بلاول کی گفتگو سے لگتا ہے ان کو اپنی پارٹی پوزیشن کا پتہ ہی نہیں۔‘

شیئر: