سعودی سفیر نے امیر قطر کو اسناد سفارت پیش کردیں
امیر قطر نے شاہ سلمان اور کے لیے خیر سگالی کے پیغامات سپرد کیے۔ (فوٹو ایس پی اے)
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان نے اسناد سفارت پیش کی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایس پی اے کے مطابق امیر قطر نے سعودی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے آرزو ظاہر کی کہ وہ دونوں برادر ملکوں قطر اور سعودی عرب کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مستحکم بنانے کی مہم میں سرخرو ہوں۔
امیر قطر نے اس موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے خیر سگالی کے پیغامات بھی سعودی سفیر کے سپرد کیے۔
سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد نے امیر قطر کو شاہ سلمان اور ولی عہد کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات پہنچاتے ہوئے کہا کہ وہ تمام شعبوں میں دونوں برادر ملکوں کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔