سعودی عرب سے سٹی گروپ کی آمدنی میں تقریبا ’تین گنا‘ اضافہ
کیپٹل مارکیٹ کا لائسنس لینے کے بعد سے آمدنی بڑھی ہے ( فائل فوٹو اے ایف پی)
سٹی گروپ کے ایک سینئیر ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ سٹی گروپ کے کارپوریٹ اور انویسٹمینٹ بینکنگ کی 2018 میں مملکت واپسی کے بعد سے اس کی آمدنی میں ’تین گنا‘ اضافہ ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سٹی گروپ نے 2017 میں کیپٹل مارکیٹ کا لائسنس حاصل کیا جس سے 13 سال کی عدم موجودگی کے بعد اسے 2018 میں مملکت میں واپس آنے کی اجازت دی گئی۔
سٹی گروپ نے سعودی آرامکو کو 2019 میں اپنی 29.4 بلین ڈالر کی لسٹنگ کے بارے میں مشورہ دیا جو دنیا کی سب سے بڑی ابتدائی عوامی پیش کش تھی، اسی طرح کئی خود مختار اور کارپوریٹ بانڈ سودوں پر بھی۔
سٹی گروپ کے ای ایم ای اے کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے کارپوریٹ بینکنگ کے سربراہ رضوان شیخ نے ایک کانفرنس میں خبر رساں ادارے روئٹرزکو بتایا ’ہم نے گذشتہ دو سالوں میں کارپوریٹ اور سرمایہ کاری بینکاری سے حاصل ہونے والی سالانہ آمدنی میں ریکارڈ اضافہ دیکھا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کیپٹل مارکیٹ کا لائسنس لینے کے بعد سے سٹی گروپ کے کارپوریٹ اور انویسٹمینٹ بینکنگ کی سعودی عرب سے آمدنی تقریباً تین گنا بڑھ گئی ہے۔‘
رضوان شیخ نے محصول کے درست اعداد و شمار فراہم نہیں کیے جس میں کاروبار کے آف شور اور آن شور دونوں عنصر شامل ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے نئے کلائنٹس کو حاصل کرنا سٹی گروپ کے لیے ایک سب سے بڑا موقع ہے۔
رضوان شیخ نے کہا کہ ’ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور جی 20 معیشت کی حیثیت سے سعودی عرب ہمارے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے کہ وہ مصنوعات کے حل فراہم کرے اور نئے کلائنٹس کے حصول پر توجہ مرکوز کرے۔‘
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں سٹی گروپ کا انویسٹمنٹ بینکنگ بزنس چار بینکروں کے ساتھ چل رہا ہے لیکن اس تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نئی تشکیل شدہ ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کا کارپوریٹ بینکنگ یونٹ ان مارکیٹوں میں ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئی) کا احاطہ بھی کر رہا ہے جس سے انہیں کم ترقی یافتہ منڈیوں میں سودے پیدا کرنے میں مدد مل رہی ہے۔