Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الدرعیہ میں آثار قدیمہ کی کھدائی کا منصوبہ شروع

یہ علاقہ حجاج کے لئے تاریخی سنگم کے طور پر کام کرتا رہا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی ثقافتی ورثہ اتھارٹی نے مملکت میں ثقافتی مقامات کو ممکنہ خطرات سے بچانے اور ان کی حفاظت کے لئے کی جانے والی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر قصیم کے علاقے میں درعیہ کے مقام پر آثار قدیمہ کی کھدائی کے منصوبے کا پہلا مرحلہ شروع کر دیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس منصوبے کا آغاز سعودی وزیرثقافت اور ہیریٹیج اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی ہدایت کے بعد کیاگیا۔

درعیہ ایک قدیم قصبہ ہے جو قبل از اسلام کے دور کا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں آثار قدیمہ کے سروے اور کھدائی کا کام دوبارہ شروع کرنے کیلئے کہا تھا۔
واضح رہے کہ درعیہ ایک قدیم قصبہ ہے جو قبل از اسلام کے دور کا ہے۔ اس قصبے نے اسلامی ادوار میں اہمیت اور شہرت حاصل کی۔
درعیہ کا  علاقہ عازمین حج کے لئے ایک تاریخی سنگم کے طور پر کام کرتارہا ہے۔ اس کے علاوہ جغرافیائی ، تاریخی اور ادبی وسائل کے حوالے سے بھی اس کا ذکر کثرت سے کیا جاتا رہا ہے۔

یہ منصوبہ ثقافتی مقامات کو ممکنہ خطرات سے بچانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

کھدائی کے اس  منصوبے میں آثار قدیمہ کے متعدد دیگر مقامات شامل ہوں گے۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے ہیریٹیج اتھارٹی درعیہ کے تاریخی تسلسل کو قریب سے دیکھنے اور اس خطے میں پائی جانیوالی تہذیبی خوشحالی کی وسعت اور دیگر مقامات سے اس کے روابط کے طبعی شواہد تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ان منصوبوں کا مقصد انسانی تہذیب میں عام طور پر اوراسلامی ادوار میں خاص طور پر سعودی عرب کے ثقافتی کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
 

شیئر: