Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان اور سلطان ہیثم کی ملاقات، مشترکہ رابطہ کونسل قائم ہوگی

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق نے اتوار کو نیوم محل میں سرکاری مذاکرات کیے ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔
سعودی عرب اور عمان نے سعودی عمانی رابطہ کونسل کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔
شاہ سلمان اور سلطنت عمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 
سعودی عرب کی جانب سے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور عمان کی طرف سے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے دستخط کیے ہیں۔

 

اس موقع پر سعودی وزیر داخلہ  شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی اور عمان کی طرف سے نائب وزیراعظم برائے امور دفاع شہاب بن طارق آل سعید ، وزیر ایوان سلطانی خالد البوسعیدی، ایوان سلطانی کے دفتر کے وزیر جنرل سلطان النعمانی اور وزیر داخلہ حمود البوسعیدی بھی موجود تھے۔ 
 قبال ازیں مذاکرات میں دونوں رہنماوں نے سلطنت عمان اور سعودی عرب کے قائدین کے درمیان گہرے، تاریخی برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا ۔
مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کی جہتوں اورانہیں جدید خطوط پر استوار کرنے اور مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ 
مذاکرات سے قبل شاہ سلمان نے عمانی رہنما اور ان کے ہمراہ وفد کو خوش آمدید کہا جبکہ سلطان عمان نے سعودی عرب کے دورے اور شاہ سلمان سے ملاقات پر دلی مسرت کا اظہار کیا۔
مذاکرات میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ  سعود بن نایف، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی شریک ہوئے۔  

​سلطنت عمان کی جانب سے مذاکرات میں نائب وزیراعظم برائے امور دفاع شھاب بن طارق آل سعید ، وزیر ایوان سلطانی خالد البوسعیدی، وزیر دفتر سلطانی جنرل سلطان النعمانی ، وزیر داخلہ حمود البوسعیدی اور وزیر خارجہ بدر البوسعیدی شامل تھے۔

شاہ سلمان نے سلطان ھیثم اور ان کے ہمراہ آئے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔  
علاوۃ ازیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق کو شاہ عبدالعزیز شال کا اعزاز جبکہ سلطان عمان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو سلطنت عمان کا اعلی ترین تمغہ پیش کیا ہے۔ 
قبل ازیں  شاہ سلمان بن عبد العزیز نے قصر نیوم میں عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’سلطان ہیثم بن طارق، شاہ سلمان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔‘
نیوم ایئرپورٹ پر سلطان ہیثم کی آمد پر سعودی ایئر فورس نے عمان کے پرچم کے رنگ فضا میں بکھیر دیے۔
سلطانی وفد کے ایئرپورٹ پر اترتے ہی انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ سعودی عرب اور عمان کے قومی ترانے بجائے گئے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ’یہ دورہ دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے فریم ورک کے تحت ہے۔‘

 اس دورے کا مقصد تعاون کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ کام کے راستے بنانا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں تیزی سے ترقی کی جا سکے۔
عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق کے مطابق دورے کا مقصد ’گہرے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے لیے نئے شعبوں کی تلاش خصوصاً تجارت، انفراسٹرکچر اور ڈویلپمنٹ میں آگے بڑھنا ہے۔‘

 دورے سے سعودی عرب اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے: عادل الجبیر

سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ’عمان کے سلطان کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔‘
’اس دورے سے سعودی عرب اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے اور مشترکہ اقتصادی تعاون بھی بڑھے گا۔‘

’سلطان ہیثم بن طارق، شاہ سلمان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں‘ (فوٹو: عمان نیوز ایجنسی)

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے رواں برس مارچ میں ‘مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو‘ مںصوبے کا اعلان کیا تھا، سلطان ہیثم بن طارق نے اس حوالے سے عمان کی جانب سے سعودی عرب کی تمام کوششوں کی حمایت کا عزم ظاہر کیا ہے۔‘
’ولی عہد اور سلطان عمان کی ملاقات میں خطے کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز اور اس حوالے سے اقتصادی، سماجی اور صحت پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔‘
عادل الجیبر کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور عمان نے خلیج تعاون کونسل کی صحت کونسل کے تحت مشترکہ تعاون کے ذریعے کورونا وائرس کی وبا کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔‘
’اس تعاون کے ذریعے ہمیں وبا کو کنٹرول کرنے اور اس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملی۔‘

شیئر: