تاشقند میں پاکستان اور کویت کے وزرا خارجہ کی ملاقات
جمعہ 16 جولائی 2021 15:39
وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔(فوٹو: دفتر خارجہ پاکستان)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’پاکستان اور کویت کے درمیان یکساں مذہبی اور ثقافتی بنیادوں پر استوار گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔‘
پاکستان کی وزرات خارجہ کے مطابق جمعہ کے روز تاشقند میں منعقدہ وسطی و جنوبی ایشیا رابطہ کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے کویتی ہم منصب شیخ احمد ناصر المحمد الصباح کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’پاکستان اور کویت کے مابین تعلیم، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کلچر اور فوڈ سیکورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔‘
دونوں وزرا خارجہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان تعاون کے لیے مشترکہ کمیشن بنانے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا اور یہ تجویز بھی دی گئی کہ اس کمیشن کی سربراہی پاکستان اور کویت کے وزرائے خارجہ مشترکہ طور پر کریں گے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔