سعودی وزیر خارجہ سے شاہ محمود قریشی کی ملاقات
مسئلہ فلسطین اوردوطرفہ دلچسپی کے معاملات پرتبادلہ خیال کیا(فوٹو،ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ان کے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق نیویارک میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے منعقدہ اقوام متحدہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں فلسطین کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا علاوہ ازیں دوطرفہ تعاون اورخطے و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
سعودی وزیر خارجہ کے ہمراہ اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب ایمبسڈر عبداللہ بن یحی المعلمی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان بن ارکان الداود بھی موجود تھے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے آٹھ مئی کو وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر جاری ہونے والے مشترکہ بیان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی مسئلہ فلسطین پر ایک ہی رائے ہے۔
شاہ محمود قریشی نے اسرائیل کے حملوں اور فلسطینیوں کو اپنے گھروں سے زبردستی نکالنے جیسے اقدامات کی مذمت کی۔