اندرون مملکت سیاحت کے ساتھ شاپنگ کی بھی سہولت
جمعہ 16 جولائی 2021 22:13
سیاحتی موسم کا سلسلہ ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ سیاحت نے اس سال گیارہ سیاحتی مقامات کا پیکیج تیار کیا ہے موسم گرما کے دوران اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جارہی ہے۔ سیاحتی موسم کا سلسلہ ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی محکمہ سیاحت نے اس مرتبہ شاپنگ کو سیاحت سے منسلک کیا ہے۔
اس کی بدولت سیاح مملکت کے ثقافتی، تاریخی اور قدرتی مقامات سے لطف اٹھانے کے ساتھ ساتھ شاپنگ بھی کرسکیں گے۔ شائقین کو سیاحتی مقامات پر اپنی پسندیدہ اشیا دیکھنے اور حاصل کرنے کے مواقع ملیں گے۔
سعودی محکمہ سیاحت کی کوشش ہے کہ سیاحت کے ساتھ شاپنگ کا شوق بھی پورا کرایا جائے۔
مملکت میں سیاحت کے فروغ کی پالیسی کا یہ بنیادی حصہ ہے۔ 250 سے زیادہ نجی ادارے مختلف طرح کی شاپنگ کی سہولت دے رہے ہیں۔
2018 میں سیاحوں کی خریداری سے ایک ارب 520 ملین ریال کی آمدنی ہوئی تھی جبکہ بیرونی سیاحت سے 2 ارب 880 ملین ریال حاصل ہوئے تھے۔
تجارتی منصوبے مکمل ہونے پر سیاحت نئے انداز میں سامنے آئے گی۔ سیاحت کا شعبہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار کو بڑھانے میں اہم حصہ ادا کرے گا۔