شاہ سلمان اور ولی عہد کا چین میں سیلاب سے ہلاکتوں پر تعزیتی پیغام
جمعہ 23 جولائی 2021 22:23
اس المیے پر دلی رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں(فوٹو عکاظ)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چین میں سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں پر چینی صدر سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ’ سیلاب اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں اور شہریوں کے لاپتہ ہوجانے کی اطلاع پر دکھ ہوا ہے‘۔
’اس سانحے پر آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اس المیے پر دلی رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں‘۔
انہو نے امید ظاہر کی کہ’ لاپتہ شہری بخیر و عافیت آجائیں اور آپ کسی آفت سے دوچار نہ ہوں‘۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی چینی صدر کے نام ہمدردی اور تعزیت کا پیغام بھیجا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں سیلاب اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں اور شہریوں کے لاپتہ ہوجانے کی اطلاع پر اظہار افسوس کیا اور امید ظاہر کی کہ سیلاب میں لاپتہ ہوجانے والے بحفاظت واپس آجائیں۔
اس سے قبل سعودی دفتر خارجہ نے چین میں سیلاب کی اطلاعات پر چین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
دفتر خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ ’سعودی عرب سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کے رشتہ داروں، چینی حکومت اور دوست عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے‘۔
’آرزو ہے کہ سیلاب میں لاپتہ ہوجانے والے زندہ سلامت مل جائیں اور زخمی فوری صحت یاب ہوں‘۔