Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپورٹس مقابلے دکھانے کے لیے ایم بی سی گروپ سے معاہدہ

سعودی وژن 2030 کے تحت کھیلوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی سپورٹس کمپنی (ایس ایس سی) نے ایم بی سی گروپ کے ساتھ نئے مخصوص سیٹلائٹ چینلز لانچ کرنے کے بعد نشریاتی سروسز فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نئے چینلز مملکت میں کنگز کپ، شہزادہ محمد بن سلمان لیگ اور سعودی سپر کپ سمیت فٹبال کے مقابلے دکھائیں گے جس میں 2021-22 کے سیزن بھی شامل ہیں۔
یہ چینلز دیگر گیمز کے علاوہ سپورٹس مقابلے اور مملکت میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں کو بھی نشر کریں گے۔
معاہدے کے ایک حصے کے طور پر ایم بی سی گروپ سعودی سپورٹس کمپنی کے نام سے نئے سیٹلائٹ چینلز لانچ کرنے اور آپریٹنگ میں معاونت فراہم کرے گا۔
یہ اپنے چینل سٹریمنگ پلیٹ فارم شاہد کے ذریعے ان چینلز کے ڈیجیٹل نشریات کا بھی ذمہ دار ہو گا۔
اس معاہدے کا اعلان سعودی پروفیشنل لیگ اور سعودی فٹبال فیڈریشن کے ذریعے ایس ایس سی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد کیا گیا ہے جس سے وہ آنے والے سیزن میں سعودی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے کمپنی کو سیٹلائٹ اور ڈیجیٹل حقوق فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ سعودی وژن 2030 پروگرام متعارف کیے جانے کے بعد سے مملکت میں کھیلوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
مملکت نے متعدد بڑے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کی ہے جن میں سپر کوپا اطالینا، فارمولا ای، ہیوی ویٹ باکسنگ کے ساتھ ساتھ گالف اور ٹینس ٹورنامنٹس شامل ہیں۔
ان اصلاحات کے نتیجے میں کھیلوں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
سعودی کھیلوں کی معیشت نے پچھلے تین سالوں میں 174 فیصد ترقی کی ہے اور اس کی مجموعی داخلی پیداوار میں شراکت میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے’ وژن 2030‘ میں واضح کیا گیا تھا کہ ایجنڈے کے تحت روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے اور سعودی حکومت کی آمدنی کا انحصار تیل کے بجائے دیگر ذرائع پر بھی کیا جائے گا۔

شیئر: