آئرن سے بھرپور غذائیں جو قوت مدافعت بڑھانے میں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں
آئرن سے بھرپور غذائیں جو قوت مدافعت بڑھانے میں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں
اتوار 25 جولائی 2021 6:05
خشک میوہ جات میں کشمش اور انجیر بھی آئرن سے بھرپور ہیں۔ فوٹو پکسا بے
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے قوت مدافعت بڑھانے والی خوراک سے متعلق موضوعات زیر بحث رہے ہیں۔ دنیا بھر میں لوگوں نے ایسی غذا پر خصوصی توجہ دینا شروع کر دی ہے جو ان کی قوت مدافعت بڑھا سکتی ہے تاکہ وائرس سے مقابلہ کرنے کی طاقت پیدا ہو سکے۔
ویب سائٹ نیوز 18 کے مطابق معدینیات اور وٹامن سے بھرپور کھانے خوراک کا حصہ ہونی چاہیے۔ کورونا کی وبا سے مقابلے کے لیے ضروری ہے کہ اپنی صحت کا خیال رکھا جائے، تاہم ایسے میں ویکسین لگوانے کو اولین ترجیح دی جائے۔
قوت مدافعت بڑھانے کے لیے خوراک میں آئرن سے بھرپور غذا کا روزانہ استعمال یقینی بنانا چاہیے۔
پالک ایک ایسی سبزی ہے جسے آئرن کے حصول کا بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے جو قوت مدافعت بھی بڑھانے میں انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ آئرن کے علاوہ پالک میں کیلشیم، سوڈیئم اور فاسفورس کی بھی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ خون میں ہیمو گلوبن بڑھانے کے لیے بھی پالک کو مفید سمجھا جاتا ہے۔
خشک میوہ جات جیسے کشمش اور انجیر بھی آئرن سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ان کے استعمال سے جسم میں آئرن کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ خشک میوہ جات کھانے سے خون کے خلیات کی تعداد میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
دالیں کھانے سے بھی جسم میں آئرن کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ ایک کپ پکی ہوئی دال میں چھ ملی گرام تک آئرن موجود ہوتی ہے جو انسانی جسم کے لیے روزانہ کی بنیاد پر لازمی قرار دی گئی مقدار کا 37 فیصد ہے۔
آئرن کی وافر مقدار میں حصول کے لیے سویا بین کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔ ایک سو گرام کچی سویا بین میں 15.7 ملی گرام آئرن موجود ہوتی ہے۔ سویا بین سے بنے ہوئے کھانوں کا روزانہ استعمال آئرن کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
سبزیوں میں پالک کے علاوہ آلو میں آئرن کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ ایک کچے آلو میں 3.2 ملی گرام آئرن موجود ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ آلو فائبر، وٹامن سی، بی چھ اور پوٹاشیم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔