Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات: علاقائی امن پر تبادلہ خیال

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ (فوٹو :سکرین گریب)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان کے لیےغیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
منگل کو پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کے روز جاری بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سکیورٹی کی صورتحال، افغانستان امن عمل اور علاقائی امن پر تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کی خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مخلصانہ کوششوں کو سراہا ہے۔‘
آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات بھائی چارے اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان اور اس کی فوج کی حمایت کرنے پر سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل منگل کی دوپہر کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا تھا کہ علاقائی معاملات پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہم آہنگی ہے اور دونوں ممالک سمجھتے ہیں کہ پرامن خطے کے لیے سکیورٹی اور استحکام بہت اہم ہے۔
 سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔

شیئر: