ٹوکیو اولمپکس میں طلحہ طالب، ماحور شہزاد، گلفام جوزف اور حسیب طارق کے بعد پاکستان کے ایک اور کھلاڑی شکست سے دوچار ہوکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
جمعرات کو پاکستان کے جوڈو کھلاڑی شاہ حسین شاہ منفی 100 کلوگرام کیٹگری میں مصر کے درویش رمادان کے مدمقابل تھے تاہم وہ اپنی پہلی فائٹ ہی ہار گئے۔
مصر سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر 13 درویش رمادان نے پاکستان کے شاہ حسین شاہ کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔
مزید پڑھیں
-
’طلحہٰ طالب میڈل تو نہ جیت سکے لیکن لاکھوں دل ضرور جیت لیے‘Node ID: 585576
شاہ حسین شاہ دوسرے اولمپک مقابلوں میں حصہ لے رہے تھے، اس سے قبل انہوں نے 2016 کے ریو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ اس میں پاکستان کے جوڈو کھلاڑی یوکرین کے حریف سے دوسرے راؤنڈ میں شکست کھا گئے تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق میچ ہارنے کے بعد شاہ حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ’انہیں میگا ایونٹ کی تیاری کے لیے مناسب سہولیات نہیں ملیں۔‘
شاہ حسین شاہ سے قبل ٹوکیو اولمپکس میں شریک پاکستان کے 10 میں سے پانچ کھلاڑی کوئی میڈل جیتے بغیر کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلوں سے باہر ہوچکے ہیں۔
طلحہ طالب ویٹ لفٹنگ، ماحور شہزاد بیڈمنٹن، گلفام جوزف شوٹنگ اور حسیب طارق سوئمنگ کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے تھے۔
