تمام طلبہ 8 اگست سے قبل ویکسین کی پہلی خوراک لگوا لیں: وزارت صحت
سکولوں میں صرف ان طلبہ، اساتذہ اور کارکنان ہی کو جانے کی اجازت ہوگی جو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہوں گے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
سعودی وزارت صحت نے تمام طلبہ سے کہا ہے کہ ’وہ 8 اگست سے قبل کورونا ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کرلیں تاکہ دوسری خوراک نیا تعلیمی سال شروع ہونے سے قبل لی جاسکے۔‘
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا ہے کہ ’یہ کارروائی سعودی معاشرے کو نئے کورونا وائرس کے مسائل سے بچانے اور وبا کو روکنے کے لیے ضروری ہے‘۔
ان دنوں مملکت کے تمام سینٹرز میں ویکسین کی سہولت مہیا ہے، اور یہ پیشگی تاریخ حاصل کرکے لگوائی جاسکتی ہے۔
وزارت صحت نے مشورہ دیا ہے کہ ’لوگ کسی بھی وقت 937 سینٹر سے ویکسین کے حوالے سے معلومات اور مشاورت حاصل کرسکتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ وزارت تعلیم نے اتوار یکم اگست کو کہا تھا کہ ’نئے تعلیمی سال کی آمد پر مڈل اور ثانوی سکولز باقاعدہ کھل جائیں گے جہاں صرف ان طلبہ، اساتذہ اور کارکنان ہی کو جانے کی اجازت ہوگی جو کووڈ 19 ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہوں گے۔‘