نواز شریف علاج کرائے بغیر پاکستان واپس نہیں آئیں گے: شہباز شریف
نواز شریف علاج کرائے بغیر پاکستان واپس نہیں آئیں گے: شہباز شریف
بدھ 11 اگست 2021 18:08
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’حکومت نواز شریف کی صحت پر سیاست بند کرے‘ (فائل فوٹو: مسلم لیگ ن ٹوئٹر)
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’نواز شریف علاج مکمل کرائے بغیر لندن سے واپس نہیں آئیں گے، حکومت ان کی صحت پر سیاست بند کرے۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد اپوزیشن اتحاد کے صدر مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارا مقصد آزادانہ اور منصفانہ الیکشنز کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔‘
اس موقع پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ملک کو تاریخ کی ناکام ترین حکومت اور وزیراعظم کا سامنا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ 21 اگست کو پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جبکہ 28 اگست کو کراچی میں سربراہی اجلاس ہو گا۔‘
ان کے مطابق ’29 اگست کو کراچی میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔‘
مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ ’پی ڈی ایم کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال، اظہار رائے پر قدغنوں، صحافیوں پر حملوں اور مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’حکومت کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا ہے۔‘
’سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کو بٹھانے سے انکار نے ملک کے وقار کو تباہ کر دیا ہے۔‘
افغانستان کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’اس مسئلے کا حل باہمی مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پی ڈی ایم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ تمام ادارے آئینی اور قانونی حدود میں رہ کر کام کریں۔‘
انہوں نے حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات کی بات کو دھاندلی کا طریقہ قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور کہا کہ ’عام انتخابات کی طرح پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے الیکشنز کے نتائج کو بھی مسترد کرتے ہیں۔‘
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی بتایا کہ ’آفتاب احمد خان شیرپاؤ کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔‘