تبوک ریجن کی کمشنری حقل کے خوبصورت قدرتی مناظر اور دلکش ساحل
تبوک ریجن کی کمشنری حقل کے خوبصورت قدرتی مناظر اور دلکش ساحل
بدھ 18 اگست 2021 5:05
یاں کا ساحل قدرتی حسن کے حوالے سے منفرد ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں تبوک صوبے کی کمشنری حقل ان دنوں خوشگوار موسم کے باعث سیاحوں کا مرکزبن گئی ہے۔
سمندری سیاحت کے شائقین حقل کا رخ کررہے ہیں۔ یہاں رطوبت کا تناسب کم ہے اور مملکت کے دیگر شہروں اور ساحلی مقامات کے مقابلے میں یہاں کی آب و ہوا منفرد ہے۔
سرکاری خر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حقل قدرتی مناظر سے مالا مال علاقہ ہے۔ یہ خلیج عقبہ پر سایہ فگن ہونے کے باعث منفرد محل وقوع کی وجہ سے اپنی ایک خاص پہچان بنائے ہوئے ہے۔
یہاں سمندری حیاتیات اور رنگ برنگے مونگوں کی گھاٹیاں، سیاحوں کو سیاحت کا الگ ہی لطف دیتی ہیں یہاں تیراکی، غوطہ خوری کے شائقین بڑی تعداد میں آرہے ہیں۔
حقل کا قفیف ساحل ام عنم، السبھان، الحمیضۃ الشریح، السلطانیہ اور جزیرہ الموصل کا ساحل قدرتی حسن کے حوالے سے منفرد ہے۔
حقل شہر کی سیاحت کے لیے آنے والوں کو النخیل پارک دعوت دیدار دیتا ہے اس کا رخ خلیج عقبہ کی جانب ہے جس کا منظر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔
یہاں کھجوروں کے گھنے درخت ہیں۔ اہل و عیال کے ساتھ خوبصورت وقت گزارنے کے لیے بینچیں موجود ہیں۔ الامیر فہد بن سلطان سمندری تفریح گاہ بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ اس کے سحر آفریں مناظر دیکھ کر انسان فطری ماحول میں کھو جاتا ہے۔
یہاں سبزہ زار، واکنگ ٹریکس، ساحل کے کنارے فیملی بیٹھکیں اور آبی گزر گاہیں بڑی تعداد میں ہیں۔