تبوک اور نجران میں شہر کا منظر بہتر بنانے کے لیے مہم
مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں تبوک اور نجران کی میونسپلٹیوں نے شہر کے منظر کو بہتر بنانے کےلیے ’ٹیک اے پکچر اور سینڈ اٹ‘( تصویر لیں اور اسے بھیجیں ) مہم کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے جو سعودی وژن 2030 کے پروگرام اور مقاصد میں سے ایک ہے۔
تبوک اور نجران کی میونسپلٹیوں نے کہا کہ یہ مہم شہریوں کے شعور کو بڑھانے اور عوامی املاک اور مقامات کو صاف رکھنے اور بلادی ایپ پر تصویراپ لوڈ کرکے اپنے مسائل کی نشاندہی کرنے کی کوشش ہے۔
خلاف ورزیوں میں عوامی صفائی، کام میں رکاوٹ، گڑھے، لیمپ پوسٹس اور خستہ حال فٹ پاتھ شامل ہیں۔
یہ مہم بہت سے اقدامات میں سے ایک ہے جس کے ذریعے وزارت بلدیات، دیہی امور اور ہاؤسنگ کا مقصد مملکت کے شہریوں اور سیاحوں کے لیے اعلیٰ معیار زندگی کی ضمانت کے لیے خدمات کو اپ گریڈ کرنا ہے۔