Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ڈی ایم حکومت کو نقصان کم فائدہ زیادہ پہنچا رہی ہے: بلاول بھٹو

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اتوار کو کراچی میں جلسہ منعقد کیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاست سے حکومت کو نقصان کم اور فائدہ زیادہ ہو رہا ہے۔ ’تاہم ہماری نیک خواہشات اس کے ساتھ ہیں۔‘
پیر کو سکھر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوں یا الگ مگر ان کو اپنا سیاسی کردار ادا کرنا چاہیے۔
پی ڈی ایم کے کراچی میں ہونے والے جلسے کی کامیابی یا ناکامی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’میں اس کو کامیاب یا ناکام نہیں کہتا، لیکن اگر اس میں خواتین کو شرکت کی اجازت دی جاتی تو اس کا اثر زیادہ ہوتا۔‘
 ’یہ افغانستان نہیں ہے، کراچی کی 50 فیصد خواتین پر مشتمل ہے، جب ایک گھر خواتین کے بغیر نہیں چل سکتا تو ملک کیسے چل سکتا ہے۔‘
انہوں نے نام لیے بغیر اپنی والدہ کے وزیراعظم بننے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسلامی دنیا کی سب سے پہلی خاتون وزیراعظم منتخب کی تھی۔
اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے پوچھے گئے ایک اور سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی کا پہلے روز سے موقف تھا کہ اس غیرجمہوری حکومت کو جمہوری طریقے سے نکالا جائے۔
بقول ان کے ’اس پر عمل کیا جائے تو اپوزیشن اب بھی کامیاب ہو سکتی ہے۔‘
پاکستان ڈیموکریٹک مووٹ کی قیادت سے کراچی قیام کے دوران رابطے کے بارے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان کا تو براہ راست کسی سے رابطہ نہیں ہوا تاہم انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی تھی کہ وہ شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے بات کریں اور بتائیں کہ کسی چیز کی ضرورت ہو تو مہیا کی جا سکتی ہے۔
’مراد علی شاہ نے ان سے رابطہ کیا تھا، میں سفر میں تھا اس لیے رابطہ نہیں کر سکا۔‘

شیئر: