بیرون ملک مسافروں کے لیے بوسٹر ڈور، پرائیویٹ فنڈ اور صحرا میں بے گور و کفن لاشیں، پاکستان سے گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
گذشتہ ہفتے پاکستان سے بیرون ملک جانے والوں کے لیے ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی اجازت کی گئی، اس کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کو پرائیویٹ فنڈ میں سرمایہ کاری کی اجازت بھی دی گئی۔ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کیے جبکہ پاکستان افغان بارڈر کی صورتحال بھی خبروں کا مرکز رہی۔ اس کے لیے گذشتہ ہفتے پاکستان میں کیا ہوتا رہا، دیکھیے گذشتہ ہفتے کی چند اہم خبریں:
پاکستان میں بیرون ملک جانے والوں کو ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کی اجازت
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ بیرون ملک جانے والوں کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
معلومات کی حفاظت، سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی
حکومت پاکستان نے سرکاری دستاویزات اور معلومات کو محفوظ بنانے کے لیے سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی لگائی ہے۔
باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ، دو پاکستانی فوجی ہلاک
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کی فوجی چوکی پر فائرنگ سے دو سپاہی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ جوابی فائرنگ میں دو سے تین دہشت گرد مارے گئے۔
پنجاب کو بڑا بھائی نہیں سمجھتا، تمام صوبے برابر ہیں: شہباز شریف
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’وہ پنجاب کو بڑا بھائی نہیں سمجھتے، تمام صوبے برابر ہیں اور جب تک وہ ترقی نہیں کریں گے پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔‘
بلوچستان سے ایران جانے والوں کی صحرا میں موت، بے گور و کفن لاشیں
پنجاب کے ضلع بھکر کی تحصیل کلور کوٹ کے رہائشی 21 سالہ رانا محمد فیاض اور ان کے ساتھیوں کی جنہیں غیر قانونی طور پر پڑوسی ملک ایران جانے کی کوشش کے دوران انسانی سمگلروں کی بے رحمی کے باعث ایک دردناک اور دل دہلا دینے والے تجربے سے گزرنا پڑا۔
پاکستان: کیٹگری سی ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی میں توسیع
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پیر کو کیٹگری سی میں شامل ممالک کے شہریوں پر پاکستان میں داخلے پر پابندی میں 30 ستمبر تک کی توسیع کر دی ہے۔
پی ڈی ایم حکومت کو نقصان کم فائدہ زیادہ پہنچا رہی ہے: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاست سے حکومت کو نقصان کم اور فائدہ زیادہ ہو رہا ہے۔ ’تاہم ہماری نیک خواہشات اس کے ساتھ ہیں۔‘
بروقت بارڈرمنیجمنٹ کی وجہ سے پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں: آرمی چیف
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس اپی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفد کو سکیورٹی، سرحدوں پرموجودہ صورتحال اور پاکستان آرمی کی جانب سے امن اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ’پرائیوٹ فنڈ‘ میں براہ راست سرمایہ کاری کی اجازت
پاکستان کے مرکزی بینک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پرائیوٹ فنڈ کے یونٹوں میں براہ راست سرمایہ کاری کی اجازت دے دی ہے۔
کوئٹہ: مستونگ میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، داعش کے 11 مبینہ دہشت گرد ہلاک
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے آپریشن میں 11 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جیل میں قونصلر رسائی حاصل: ظاہر جعفر کا امریکہ سے قانونی معاونت کا مطالبہ
امریکہ کی درخواست پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم اور امریکی شہری ظاہر جعفر کو قونصلر رسائی دے دی گئی ہے۔
خواتین پارلیمنٹیرینز کو واٹس ایپ گروپس میں غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے کا انکشاف
پاکستان کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ بین الاقوامی نمبروں سے واٹس ایپ گروپ بنا کر اور ارکان پارلیمنٹ کو شامل کرکے ان گروپس میں غیر اخلاقی اور نازیبا مواد شیئر کیا جاتا ہے۔
پاکستان کے 33 لاکھ ڈالر مالیت کے چوری شدہ نوادرات کی امریکہ سے واپسی
امریکہ نے ایشیائی ممالک سے لوٹے گئے ہزاروں نوادرات میں سے 33 لاکھ ڈالر مالیت کے 104 نمونے پاکستان کو واپس کر دیے ہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ایل پی جی مزید مہنگی
پاکستان میں وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے جبکہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
مفاہمت تو دور حکومت سے بات بھی نہیں ہو سکتی، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت سے مفاہمت تو دور کی بات مجھے نہیں لگتا ان سے بات بھی ہو سکتی ہے۔
جوہری سائنس دان ڈاکٹر قدیر خان کورونا کا شکار، ہسپتال منتقل
پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق جوہری سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر کو صحت بگڑنے پر ایک ملٹری ہسپتال کے کوورنا وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔
سکیورٹی خدشات کی وجہ سے چمن بارڈر بند کیا جا سکتا ہے: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے چمن بارڈر کچھ دنوں یا کچھ دیر کے لیے بند کیا جا سکتا ہے۔
بلوچ قوم پرست رہنما سردار عطااللہ مینگل کراچی میں انتقال کر گئے
بلوچ قوم پرست رہنما اور بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ سردار عطا اللہ مینگل کا کراچی میں انتقال ہو گیا ہے۔
چاغی: ایف سی کی کارروائی میں چھ ’اغوا کار‘ گرفتار، 23 افغان مغوی رہا
فرنٹیئر کور(ایف سی) بلوچستان نے چاغی کے علاقے نوکنڈی کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ مبینہ مسلح اغوکار گرفتار کر لیے۔
گریٹر اقبال پارک ہراسیت کیس، شناخت نہ ہونے پر گرفتار 98 افراد رہا
لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر خاتون سے بدسلوکی کے کیس میں گرفتار کیے جانے والے 98 افراد کو شناخت نہ ہونے پر عدالت نے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد سمیت کئی اضلاع میں نئی بندشیں، سکول اور ٹرانسپورٹ بند
کورونا کے کیسز میں اضافے کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے چند شہروں میں نئی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں سکول اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی بندش بھی شامل ہے۔