Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان سے انخلا، 14 سو افراد اب بھی قطر میں موجود ہیں: امریکی جنرل

انخلا کے مشن کے دوران قطر میں امریکی ایئر ایئربیس پر نو بچے بھی پیدا ہوئے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی فوج کے ایک جنرل کا کہنا ہے کہ  افغانستان سے نکال کر قطر منتقل کیے جانے والے 57 ہزار افراد میں سے اکثر کو وہاں سے نکالا جا چکا ہے تاہم اب بھی ایک ہزار 400 افراد وہاں امریکی بیس پر موجود ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد امریکہ نے افغانستان سے تقریباً ایک لاکھ 24 ہزار امریکی، افغان اور دوسرے ممالک کے شہریوں کو نکالا۔
بریگیڈیئرجنرل جیرالڈ ڈونوہ نے صحافیوں کو بتایا کہ قطر سے نکالے جانے افراد میں سے کچھ ابھی امریکہ میں ہیں جب کہ بعض یورپ میں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قطر میں اب تک موجود ایک ہزار 400 افرد میں سے زیادہ تر کو سنیچر کو وہاں سے نکال دیا جائے گا جب کہ ایک چھوٹا سا گروپ جسے طبی امداد کی ضرورت ہے وہ وہاں سفر کے قابل ہونے تک رہے گا۔
جنرل جیرالڈ کا مزید کہنا تھا کہ افغان اور دوسرے افراد کو الیودید بیس لے جایا گیا اور ایک وقت میں وہاں 17 ہزار 500 افراد بھی موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انخلا کے مشن کے دوران اس ایئربیس پر نو بچے بھی پیدا ہوئے۔
افغانستان سے جلدی انخلا کے بعد ہزاروں ایسے افراد جن کے پاس سفری دستاویزات نہیں تھے یا ان کی ویزا کی درخواستیں زیر غور تھی یا ایسے خاندان کے افراد جن میں سے کچھ کا امیگریشن سٹیٹس کلیر نہیں تھا اب تیسرے ملک میں امریکہ روانگی کے لیے انتظار کر رہے ہیں۔
ان افغانوں کو اب امریکہ میں داخلے کے لیے امیگریشن کی رکاوٹوں کو عبور کرنا ہوگا۔

شیئر: