سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب تاریخ کے فیصلہ کن مرحلے میں افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
وہ بدھ کو جرمنی میں افغانستان سے متعلق بیس ممالک کے وزرا کے ورچوئل اجلاس میں شرکت کے موقع پر مملکت کا موقف پیش کررہے تھے۔
مزید پڑھیں
-
امریکہ کو طالبان کی نئی حکومت کے چند ارکان پر تشویشNode ID: 598221
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’سعودی عرب افغان عوام کی مدد کے سلسلے میں پرعزم ہے اور افغان عوام اپنے مستقبل کے لیے بیرونی مداخلت کے بغیر جو راستہ بھی منتخب کریں گے سعودی عرب اس حوالے سے ان کی حمایت کرے گا۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’مملکت کی خواہش ہے کہ طالبان سمیت تمام افغان فریق امن و سلامتی کے تحفظ اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے کام کریں۔‘
عبوری حکومت امن و استحکام کے لیے کام کرے۔ تشدد اور انتہا پسندی کا خاتمہ اور افغان عوام کی امنگیں پوری کرنے کی خاطر روشن مستقبل پر توجہ مرکوز کرے۔ خواہش ہے کہ عبوری حکومت ان حوالوں سے صحیح جہت میں کام کرے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب اس بات کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے کہ افغانستان درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے طریقے اختیار کرے۔ سعودی عرب ایسے ہر اقدام کی مدد کرے گا۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے اجلاس کے آغاز میں کابل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں اور افغان عوام سے رنج و الم کا اظہار کیا۔