مسافر مفت وائی فائی کی سہولت سے جہاز پر سوار ہونے تک مستفید ہو سکتے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ایئرپورٹ پرمسافروں کے لیے مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے ـ وائی فائی کے ذریعے انٹرنیٹ سے کنیکٹ ہونے کے لیے انتہائی آسان طریقہ متعارف کرایا گیا ہے ـ
اخبار 24 کی اطلاع کے مطابق ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والے مسافروں کی آسانی کے لیے فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ کی مفت سہولت سے ہرشخص مستفید ہو سکتا ہے ـ
مفت وائی فائی سے کنیکٹ کرنے کے لیے موبائل ڈیٹا کے آپشن کو آف کر کے ’کے کے آئی اے فری وائی فائی‘ نیٹ ورک کا انتخاب کیا جائے بعد ازاں شرائط کو منظور کر کے وائی فائی کی سہولت حاصل کی جا سکتی ہے ـ
’کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ‘ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فراہم کی جانے والی مفت وائی فائی کی سہولت نہ صرف ہوائی اڈے بلکہ مسافروں کے جہاز پر سوار ہونے تک بحال رہتی ہے ـ
واضح رہے اس سے قبل مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم نہیں کی گئی تھی ـ وائی فائی کی فراہمی کے حوالے سے مسافروں کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے بہترین سہولت فراہم کی گئی ہے کیونکہ بعض اوقات موبائل ڈیٹا نہ ہونے کی وجہ سے کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا جبکہ نئی سم خریدنے میں بھی بعض مسائل پیش ہوتے تھے ـ