سعودی عرب اور جرمنی میں سرمایہ کاری کے بڑے امکانات ہیں: الفالح
سعودی عرب اور جرمنی میں سرمایہ کاری کے بڑے امکانات ہیں: الفالح
جمعہ 10 ستمبر 2021 21:04
جرمنی کی اہم کمپنیوں نے مملکت میں دفاتر بھی کھلے ہوئے ہیں( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور جرمنی میں سرمایہ کاری کے بڑے امکانات ہیں۔ دونوں بڑے پیمانے پر مشترکہ سرمایہ کاری کرسکتے ہیں‘۔
سرکاری حبر رساں ایس پی اے کے مطابق انجینیئر خالد الفالح وزارت سرمایہ کاری اور جرمن بزنس سیکٹر برائے شمالی افریقہ و مشرق وسطی کی میزبانی میں ہونے والے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
سعودی وزیر نے کہا کہ’ سعودی عرب اور جرمنی ایک دوسرے کے شریک ہیں۔ دونوں مختلف شعبوں میں مشترکہ مفادات کے لیے کوشاں ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور جرمنی جی 20 کے ممبر ہیں۔ دونوں ملک بڑے پیمانے پر تجارتی وسرمایہ کاری پروگرام پر عمل کر سکتے ہیں۔ مملکت کے پاس زبردست امکانات ہیں۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ ’سعودی بین الاقوامی اور جرمن کمپنیاں مملکت میں کام کررہی ہیں۔ وہ مملکت کے سٹراٹیجک جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں‘۔
انہو ں نے کہا کہ ’مملکت نہ صرف یہ کہ مشرق وسطی کے قلب میں واقع ہے۔ یہ ایشیا، یورپ اور افریقہ تین براعظموں کے درمیان پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ کمپنیاں پانچ گھنٹے کے اندر دنیا کی پچاس فیصد سے زیادہ آبادی تک سعودی عرب سے رسائی حاصل کرسکتی ہیں‘۔
انجینیئر خالد الفالح نے کہا کہ’ جرمنی مملکت کا اہم تجارتی اور سرمایہ کاری شریک ہے۔ یہ 2020 میں مملکت کو سامان برآمد کرنے والا چوتھا بڑا ملک تھا۔‘
’مملکت میں جرمنی کی اہم کمپنیوں کے دفاتر بھی کھلے ہوئے ہیں۔ کئی نے حال میں ریجنل آفس کھولنے کے لیے معاہدے کیے ہیں‘۔