بیرون ملک سے توکلنا میں نئے صارف کا اندراج ممکن نہیں
’بیرون ملک قیام کے دوران ایپ میں موبائل کی تبدیلی بھی ممکن نہیں‘ ( فوٹو: عکاظ)
توکلنا ایپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے باہر رہتے ہوئے کوئی نیا صارف اندراج نہیں کراسکتا۔
عکاظ اخبار کے مطابق توکلنا نے کہا ہے کہ ’توکلنا میں اندراج کرنے والے شہری یا غیر ملکی بیرون ملک قیام کے دوران ایپ میں اپنا موبائل نمبر تبدیل نہیں کرسکتے‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ایپ صارفین کے وہی موبائل نمبر اور کوائف استعمال کئے جاتے ہیں جو ابشر میں درج ہوتے ہیں‘۔
’بیرون ملک قیام کے دوران ابشر میں نمبر سمیت کوائف میں تبدیلی ممکن نہیں لہذا ایپ میں بھی تبدیل نہیں کیا جاسکتا‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’بیرون ملک قیام کے دوران وہی صارفین توکلنا استعمال کرسکتے ہیں جو پہلے ہی رجسٹرڈ ہیں‘۔
’اس وقت توکلنا دنیا کے 75 ممالک میں کام کرتی ہے، یہ پہلا مرحلہ ہے جبکہ اگلے مراحل میں ممالک کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا‘۔
واضح رہے کہ توکلنا کے 75 ممالک کی فہرست میں پاکستان شامل نہیں ہے۔