جلال آباد میں طالبان کی گاڑی پر حملے، بم دھماکوں میں تین افراد ہلاک
تصویر میں دھماکے کا شکار ہونے والی طالبان کی گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے (فوٹو اے ایف پی)
افغانستان کے شہر جلال آباد میں تین بم دھماکوں کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے ہیں۔
طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد اسے پہلا خطرناک حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ان میں سے ایک دھماکے میں طالبان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
طالبان کے ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’ایک میں جلال آباد میں گشت کرنے والی طالبان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ جس میں عورتیں اور بچے بھی زخمی ہوئے۔‘
ننگر ہار صوبے میں محکمہ صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ دھماکوں میں تین افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے ہیں۔
موقع پر لی گئی تصویر میں دھماکے کا شکار ہونے والی طالبان کی گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے جس پر سفید جھنڈا لہرا رہا ہے۔
جلال آباد ننگر ہار صوبے کا دارالحکومت ہے اور اسے داعش کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
امریکہ کے افغانستان سے انخلا کے دوران بھی کابل ایئرپورٹ کے باہر بم دھماکے ہوئے تھے جن میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔