بحرین ویلیو ایڈڈ ٹیکس دوگنا کر کے 10 فیصد کر دے گا
بحرین میں 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ جنوری2019 سے کیا گیا تھا۔ (فوٹو عرب نیوز)
بحرین بجٹ خسارے کو روکنے اور مملکت کی آمدنی بڑھانے کے لیے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ) کو10 فیصد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بحرین کے ذرائع ابلاغ نے اتوار کو ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی ہے۔
بحرینی پریس میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق معیشت کو تقویت دینے کے لیے قانون سازوں نے شہریوں کو دی جانے والی اجرت میں کمی اور اس کے علاوہ سماجی بہبود کی بابت اختیارات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس کےعلاوہ آئی ایم ایف کے تخمینوں کے مطابق بحرین کا بجٹ خسارہ تیل کی کم قیمتوں کے بعد رواں سال آدھا رہ جائے گا اور عالمی وبا کورونا وائرس نے اس خسارے کو 2020 میں ریکارڈ 18 فیصد معاشی پیداوار تک پہنچا دیا ہے۔
واضح رہے کہ بحرین کی حکومت نے 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ جنوری2019 سے کیا تھا جسے اب دوگنا کر کے 10 فیصد کئے جانے کا ارادہ کیا جا رہا ہے۔