اسرائیلی وزیر خارجہ پہلے سرکاری دورے پر بحرین پہنچ گئے
اسرائیلی وزیر خارجہ پہلے سرکاری دورے پر بحرین پہنچ گئے
جمعرات 30 ستمبر 2021 12:26
اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپڈ جمعرات کو بحرین کے پہلے اعلی سرکاری دورے پر پہنچ گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بحرین کے ساتھ اسرائیل کے سفارتی تعلقات معمول پر آنے کے بعد یہ ایک سینیئر اسرائیلی عہدیدار کا پہلا اعلی سطحی دورہ ہے۔
یائرلیپڈ بحرین کے ہم منصب سے ملاقاتوں اور اسرائیل کے سفارت خانے کا افتتاح کرنے کے لیے بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے ہیں۔
وزیر خارجہ کے اس دورے کے بعد بحرین کی ائیر لائن گلف ایئر منامہ اور تل ابیب کے درمیان اپنی پہلی براہ راست پرواز شروع کرے گی۔
اسرائیلی سفارتی وفد کو بحرینی ہم منصبوں سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال اسرائیل نے چارعرب ریاستوں کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے جو کہ امریکہ کے ساتھ ابراہم معاہدے کا حصہ ہے۔
یائر لیپڈ متحدہ عرب امارات اور مراکش کا پہلے ہی دورہ کر چکے ہیں اور جون میں اسرائیل کے وزیر خارجہ بننے کے بعد وہاں اسرائیل کے سفارتی دفاتر بھی کھول چکے ہیں۔
بحرین کے پہلے سفیر رواں ماہ کے آغاز میں اسرائیل پہنچے ہیں اور معاہدوں پر دستخط ہونے کی سالگرہ کے موقع پر انہوں نے اسرائیلی صدر کو اپنی سفارتی اسناد پیش کی ہیں۔
مصر کے ساتھ 1979 اور اردن کے ساتھ 1995 میں ہونے والے امن معاہدوں کی دہائیوں بعد بحرین، سوڈان، مراکش اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات قائم کرنے کے معاہدے ہوئے تھے۔