برطانیہ جانے والے سعودی شہریوں پر پی سی آر رپورٹ اور ہوٹل قرنطینہ کی پابندی ختم
برطانیہ پہنچنے پر دو روز کے دوران کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا( فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب سے برطانیہ سفر کرنے والے سعودی شہریوں پر پیر 4 اکتوبر سے پی سی آر رپورٹ اور برطانیہ پہنچنے پر ہوٹل قرنطینہ کی پابندی ختم ہوگئی۔
عکاظ اخبار کے مطابق لندن میں سعودی سفارتخانے نے برطانیہ سفر کرنےوالے سعودی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ یہاں کے قوانین و ضوابط کی پابندی کریں۔برطانوی حکومت نے نئے سفری ضوابط کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ مملکت سے برطانیہ کا سفر کرنے والوں کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا ضروری ہے۔
برطانیہ پہنچنے پر ابتدائی دو روز کے دوران کورونا ٹیسٹ کرائیں اور رہائش کا فارم بھریں۔
برطانیہ نے 17 ستمبر کو سفری ضوابط میں نرمی کا اعلان کردیا تھا۔ نئے ضوابط پر عمل درآمد چار اکتوبر سے کیا جا رہا ہے۔
برطانیہ پہنچنے پر مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹنگ کے عمل کو سستا اور آسان بنایا جائے گا۔
چار اکتوبر اور اس کے بعد آنے والے ایسے مسافر جو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں انہیں روانگی سے قبل پی سی آر ٹیسٹ سے استثنی ہوگا تاہم برطانیہ پہنچنے کے دو دن بعد کم قیمت لیٹرل فلو ٹیسٹ کرانا ہوگا۔