Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فساد فی الارض کا جرم ثابت ہونے پر شہری کو سزائے موت

’آج منگل کو دمام میں عدالتی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے سزائے موت دی گئی ہے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے دہشت گرد سیل میں شمولیت، ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے پر ایک شہری کا سر قلم کردیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’مسلم بن محمد المحسن نامی سعودی شہری کو سزائے موت دی گئی ہے۔‘
وزارت داخلہ کے مطابق ’مذکورہ شخص کے خلاف عدالت میں متعدد جرائم ثابت ہوئے ہیں جن میں ملک کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننا، نجی املاک کو نقصان پہنچانا، ولی امر کے خلاف بغاوت کرنا، ایک شہری کو قتل کرنا، دھماکہ خیز مواد تیار کرنا اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کرنا شامل ہے۔‘
’مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے تفتیش مکمل کرنے بعد عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالتی کارروائی کے دوران اس پر تمام الزامات ثابت ہوئے تھے۔‘
’عدالت نے فساد فی الارض کے جرم میں اس پر سزائے موت کا فیصلہ سنایا جس کی اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ سے تصدیق کی گئی۔‘
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’آج منگل کو مشرقی ریجن کے شہر دمام میں عدالتی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے سزائے موت دی گئی ہے۔‘

شیئر: