سعودی عرب میں بدھ سے جمعے تک کئی علاقوں میں بارش کا امکان
مملکت کے بعض علاقوں میں سیلاب بھی آسکتا ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ بدھ سے جمعے تک مملکت کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ مملکت کے بعض علاقوں میں سیلاب بھی آسکتا ہے۔ بیشتر مقامات پر ژالہ باری ہوگی۔
ہوا کی فی گھنٹہ رفتار 50 کلو میٹر تک ہوگی۔ نجران کے علاقے میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
موسمیات کے قومی مرکز نے بتایا کہ گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ عسیر ریجن میں ابہا، خمیس مشیط، ظہران الجنوب، الحرجہ سمیت متعدد کمشنریوں تک پھیل جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ جازان ریجن کی گیارہ کمشنریاں اور باحہ کی سات کمشنریاں گرد آلود ہواؤں کی زد میں ہوں گی۔
قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ بدھ اور جمعرات کو طائف، میسان، اضم اور العرضیات کمشنریوں میں بعض مقامات پر درمیانے درجے اور موسلا دھار بارش ہوگی۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بدھ کو مکہ مکرمہ، جموم، الکامل، خلیص اور اللیث اور القنفذہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔