Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں موبائل سم کا غیر قانونی کاروبار، دو غیرملکی گرفتار

ملزمان کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں ریاض پولیس کے ترجمان خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ جرائم کے سراغ  لگانے والے ادارے نے اقامہ قوانین کی خلاف ورزی  اور موبائل سم کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے دو غیرملکیوں کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خالد الکریدیس نے کہا کہ گرفتار کیے جانے والے غیرملکی بنگلہ دیشی ہیں اور وہ عمر کے چوتھے عشرے میں ہیں۔
ریاض پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں غیرملکی اقامہ نظام کی خلاف ورزی کررہے تھے ان کے حوالے سے اطلاعات ملی تھیں کہ غیر قانونی طور پر موبائل سم کا کاروبار اور فنگر پرنٹ نظام کی بھی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
بیان میں ترجمان نے کہا کہ کارروائی کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا- ان کے قبضے سے موبائل سم اور غیر قانونی طور پر جمع کردہ فنگر پرنٹس اور دیگر اشیا ضبط کی گئی ہیں۔
الکریدیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی مکمل کرکے انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: