منشیات کیس: شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت مسترد
منشیات کیس: شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت مسترد
جمعہ 8 اکتوبر 2021 15:12
شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو دو اکتوبر کو ایک کروز سے چھ مزید افراد کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
ممبئی کی ایک عدالت نے ایک منشیات کیس میں انڈین سپرسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعے کو آریان خان کے وکیل ستیش منشندے نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2 اکتوبر کو نیشنل نارکوٹکس بیورو (این سی بی) کے چھاپے میں آریان خان کے قبضے سے منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی۔
تاہم عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد آریان خان اور ان کے ساتھ دو اور ملزمان ارباز مرچنٹ اور منمن دھامیچا کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔
انڈین اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو دو اکتوبر کو ایک کروز سے چھ مزید افراد کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ آریان خان کی فون چیٹ سے پتہ چلا ہے کہ ان کی بین الاقوامی منشیات فروشوں سے پیسوں اور ڈرگز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
آریان خان کے خلاف اس مقدمے پر شاہ رخ خان یا ان کی اہلیہ فلم پروڈیوسر گوری خان کا اب تک کوئی براہ راست بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
جمعرات کے روز مقدمے این سی بی نے ممبئی میں مجسٹریٹ کی عدالت میں استدعا کی تھی کہ آریان خان سمیت دیگر ملزمان کو 11 اکتوبر تک مزید ان کی تحویل میں دے دیا جائے۔ تاہم مجسٹریٹ نے این سی بی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 14 دن کے لیے جوڈیشل تحویل میں دے دیا تھا۔
انڈین نیوز ایجنسی ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ کے مطابق آریان خان اور دیگر ملزمان کو ممبئی کی آرتھر جیل منے منتقل کردیا ہے۔ جیل سپرانٹینڈنٹ نتن ویچل کے مطابق ملزمان کو تین سے پانچ دن قرنطینہ سیل میں رکھا جائے گا۔
بالی وڈ ستاروں کا شاہ رخ خان سے اظہار یکجہتی
دوسری جانب آریان خان کی گرفتاری کے معاملے پر ریتک روشن، سنیل شیٹی، راکھی ساونت اور جونی لیور سمیت متعدد ستارے شاہ رخ خان سے اظہا یکجہتی کرتے نظر آتے ہیں۔
شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’میں ہوں نا‘ میں کام کرنے والی اداکارہ راکھی ساونت نے اپنے مداحوں سے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی ہے۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا کہ ’لوگو، میں بہت اداس ہوں۔ ہم سب مل کر دعا کرتے ہیں کہ آریان کو جلد سی جلد ضمانت مل جائے۔ مجھے معلوم نہیں کہ کیا سچ اور کیا جھوٹ ہے، کون کس کو پھنسا رہا ہے۔‘
’میں صرف ایک ہی بات کہنا چاہتی ہوں، اگر آپ شیر ہو تو شیر سے لڑو، گیدڑ بن کے بچے کا شکار مت کرو۔‘
اس سے قبل بالی وڈ کے ایک اور اداکار ریتک روشن نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں آریان خان کی تصویر لگا کر لکھا کہ ’انہیں اس مشکل گھڑی میں حوصلے کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔‘
ہریتک نے مزید لکھا کہ ’پیارے آریان، زندگی ایک عجیب سفر ہے، یہ اس لیے مزیدار ہے کیونکہ اس میں غیر یقینی کا عنصر موجود ہے۔ یہ اس لیے بھی مزیدار ہے کیونکہ اس میں آپ پر مشکلات بھی آتی ہیں، لیکن خدا مہربان ہے۔ وہ صرف اپنے سب سے مضبوط بندوں کو کڑے امتحان میں ڈالتا ہے۔‘
’انہوں نے مزید لکھا غصہ، الجھاؤ، اور بے یارومددگار ہونا وہ عوامل ہیں جو یقیناً آپ اس وقت محسوس کر رہے ہوں گے۔ یہی عوامل آپ کے اندر کا ہیرو جگانے کے کام آتے ہیں لیکن خیال رہے کہ یہی عوامل آپ کے اندر کی اچھائی کو بھی ختم کر سکتے ہیں۔ اپنے آپ کو اس سے زیادہ متاثر نہ ہونے دینا۔‘
شاہ رخ خان کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کرنے والے مزاحیہ اداکار جونی لیور نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی اور شاہ رخ خان کی تصاویر لگا کر بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے اداکار کے لیے سپورٹ کا اظہار کیا۔
اس سے قبل سنیل شیٹی نے آریان خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ کروز میں بہت لوگ موجود تھے، صرف آیان خان نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’صرف آریان خان وہاں نہیں تھا کروز پر اور لوگ بھی تھے یہ بہت ناانصافی ہے کہ اب صرف ان کا نام لیا جارہا ہے۔ عدالت میں کیس چل رہا ہے ہمیں فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے‘۔