اہم تقرریوں پر عمران خان نے ملک کو دنیا میں تماشا بنا دیا: مریم نواز
اہم تقرریوں پر عمران خان نے ملک کو دنیا میں تماشا بنا دیا: مریم نواز
بدھ 13 اکتوبر 2021 12:36
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نے کہا ہے کہ حکومت نے اہم تقرریاں طوطا فال کے ذریعے کرنے کا عمل شروع کر رکھا ہے جس سے ملک کا دنیا میں تماشا بنا۔
بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان منتخب اور نہ ہی آئینی وزیراعظم ہیں، وہ قابض اور سیلیکٹڈ ہیں، ان کی اخلاقی اور آئینی حیثیت نہیں۔
انہوں نے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی حکومت بچانے کے لیے یہ سب کر رہے ہیں یہ آئین و قانون کی بالادستی کا مسئلہ نہیں۔
’یہ جمہوریت اور جمہوری اصول کا مسئلہ نہیں ہے، یہ اپنی ذات اور اپنی حکومت چند دن مزید آگے بڑھانے کا مسئلہ ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ وہ اس شخص کو دیکھنا چاہتی ہیں جس نے ان کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست نیب میں دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ عقلمند کون ہے۔ ’درخواست کو جب پڑھا تو لگا کہ بچے ڈر رہے ہیں، قوم کو دکھایا جانا چاہیے کہ سپر انٹیلیجنٹ کون ہے۔‘
ن لیگی رہنما کے مطابق چونکہ دوسرے فریق کے پاس ان کی درخواست کا جواب نہیں اس لیے چاہتے ہیں کہ مریم نواز کو جیل میں ہونا چاہیے۔
مریم نواز کے مطابق ان کے خلاف نیب کو درخواست دینے والے کو 21 نہیں 22 توپوں کی سلامی پیش کی جائے۔
’جو جو بھی اس درخواست کے پیچھے ہے اس کو یہ علم ہونا چاہیے کہ میں گرفتاری، جیل اور نیب سے نہیں ڈرتی۔ ان کی بھول ہے کہ ضمانت منسوخی کی درخواست سے مجھے ڈرایا جا سکتا ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’کل کہا گیا کہ ڈی جی کا تقرر وزیراعظم کا اختیار ہوتا ہے، آج آپ کو ووٹ کو عزت دینا یاد آ گیا۔ آپ کو نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے۔‘
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تاریخی قرضوں کے بوجھ تلے دبانے کا جواب دینا پڑے گا۔